ہم غزہ میں مزید نعشیں، اسکولوں پر بم باری نہیں دیکھ سکتے:ملالہ یوسف زئی
ملالہ نے کہا کہ ہمیں اپنے لیڈرز پر زور ڈالنا چاہیے کہ غزہ میں جنگی جرائم رکوائیں اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ غزہ کے عوام سے یک جہتی کے لیے ان کیساتھ ہوں، ان کی آواز اور مطالبات سنے جانے چاہئیں۔
لندن: نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ ہم مزید لاشیں، اسکولوں پر بم باری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے، غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنے ایک بیان میں ملالہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ سے غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ غزہ میں نصریہ اور الشفا اسپتال میں اجتماعی قبروں کی دریافت فلسطینیوں پر ظلم کا ایک اور باب ہے، نہیں معلوم فلسطینی یہ تکالیف کس طرح سہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کرانے، انسانی امداد کی فراہمی کے لیے عالمی رہنماؤں پر زور دیتے رہیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لیڈرز پر زور ڈالنا چاہیے کہ غزہ میں جنگی جرائم رکوائیں اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ غزہ کے عوام سے یک جہتی کے لیے ان کیساتھ ہوں، ان کی آواز اور مطالبات سنے جانے چاہئیں۔
نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کرتی رہوں گی۔