پرہجوم مقامات پر ماسک لگائیں‘کوڈ ابھی ختم نہیں ہوا
ہندوستان میں کووڈ کی صورتحال کاجائزہ لینے کے بعد مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے چہارشنبہ کے دن کہاکہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے لیکن ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

نئی دہلی: چین اور بعض دیگر ممالک میں کووڈ کیسس میں اچانک اضافہ کے مد نظر مرکزی وزیر صحت نے چہارشنبہ کے دن ملک کی صورتحال کاجائزہ لیا۔ انہوں نے عوام سے کہاکہ وہ کووڈ پروٹوکول پر عمل کریں۔ پر ہجوم مقامات پر ماسک لگایا کریں اور ویکسین لے لیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایرپورٹس پر چین اور دیگر ممالک سے آنے والے بین الاقوامی مسافرین کی رینڈم سیمپل ٹسٹنگ کی جائے گی۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے کہاکہ کووڈ ابھی گیا نہیں ہے۔ میں نے سب ہی متعلقہ محکموں و افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیدی ہے۔
میٹنگ میں ماہرین اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیر صحت کو کووڈ 19 کی عالمی صورتحال کے علاوہ اندرون ملک صورتحال کی جانکاری دی گئی۔ نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال نے میٹنگ کے بعد کہا کہ ہندوستان کی اہل آبادی کے صرف 27-28 فیصد حصہ نے ہی پریکاشن ڈوز لی ہے۔
لوگوں کو چاہئے کہ وہ ٹیکہ لے لیں اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک لگایا کریں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انٹرنیشنل ٹراویل کی گائیڈ لائنس میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ پرہجوم مقامات پر ماسک ضرور لگائیں‘ جو لوگ پہلے سے بیمار ہیں انہیں اور عمر رسیدہ افراد کو خاص طور پر اس کا خیال رکھناچاہئے۔
حکومت صورتحال کی نگرانی کے لیے آئند ہفتہ پھر میٹنگ طلب کرے گی۔ چین‘جاپان‘جنوبی کوریا‘ فرانس اور امریکہ جیسے ممالک میں کووڈ 19 کیسس بڑھنے سے درپیش چیالنج کے حوالے سے منڈاویہ نے تیار اور الرٹ رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ نگراں سسٹم کو مستحکم کیاجائے۔ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے کہاگیا ہے کہ وہ تمام کووڈ۔19 پازیٹیو کیسس کے سیمپل روزانہ INSACOG جینوم سیکوینسنگ لیباریٹریزکو روزانہ بھیجا کریں۔
مرکزی وزیر صحت کو پریزنٹیشن میں بتایاگیا کہ گزشتہ 6ہفتوں میں عالمی سطح پر روزانہ کیسس میں اضافہ درج ہواہے۔ 19دسمبر 2022 کو مختتم ہفتہ میں روزانہ اوسطاً5,90,000 کیسس رپورٹ ہوئے۔ میٹنگ میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ 5 ریاستوں‘کیرالا‘کرناٹک‘تلنگانہ اور ٹاملناڈو میں نئے کیسس بڑھ رہے ہیں حالانکہ ملک میں مجموعی طور پر کیس لوڈ مسلسل گھٹ رہاہے۔
آئی اے این ایس کے بموجب کئی ممالک میں وائرس کے دوبارہ سر ابھارنے کی خبروں کے مد نظر ہندوستان میں کووڈ کی صورتحال کاجائزہ لینے کے بعد مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے چہارشنبہ کے دن کہاکہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے لیکن ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے آج صبح نرمان بھون نئی دہلی میں سینئر عہدیداروں کے ساتھ ریو میٹنگ کے بعد یہ ریمارک کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ بعض ممالک میں کووڈ 19 کے بڑھتے کیسس کے مد نظر آج ماہرین اور عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔ کووڈ ابھی ختم نہیں ہواہے۔
میں نے تمام متعلقہ محکموں اور عہدیداروں سے کہاہے کہ وہ الرٹ رہیں اور نگرانی بڑھادیں۔ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ اسی دوران وزارت صحت نے ریاستوں کو لکھاہے کہ پازیٹیو کیسس کی جینوم سیکوینسنگ بڑھادی جائے تاکہ کووڈ کے نئے ویرینٹ کاپتہ چلے۔
منگل کے دن مکتوب میں وزارت نے کہاتھا کہ جاپان‘امریکہ‘جنوبی کوریا‘برازیل اور چین میں کیسس میں اچانک اضافہ کے مد نظر یہ ضروری ہے کہ پازیٹیو کیسس کی جینوم سیکوینسنگ کی جائے۔