ڈبلیو پی ایل کا آغاز گجرات-ممبئی مقابلے سے ہوگا
ڈبلیو پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں ممبئی، گجرات، دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلور اور یوپی واریئرز سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ممبئی: ویمنس پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے افتتاحی سیزن کا آغاز یہاں کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں 4 مارچ کو گجرات جائنٹس اور ممبئی انڈینس کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے منگل کوڈبلیو پی ایل میچوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20 لیگ میچوں اور ایک ایلیمینیٹر کے بعد، ٹورنامنٹ کا فائنل 26 مارچ کو بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ڈبلیو پی ایل کے تمام میچز انہیں دونوں میدانوں پر کھیلے جائیں گے۔
ڈبلیو پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں ممبئی، گجرات، دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلور اور یوپی واریئرز سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ہر ٹیم باقی چار ٹیموں کے خلاف دو دو میچ کھیلے گی۔ لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں فائنل میں پہنچنے کے لیے 24 مارچ کو ایلیمینیٹر میں آمنے سامنے ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی نے ڈبلیو پی ایل نیلامی کے ایک دن بعد شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ جیو کنونشن سینٹر میں منعقدہ نیلامی میں کل 87 کھلاڑیوں کو ڈبلیو پی ایل کے معاہدے ملے جس میں 59.5 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
اس نیلامی میں اسمرتی مندھانا (رائل چیلنجرز بنگلور 3.4 کروڑ روپے) سب سے زیادہ کمانے والی ثابت ہوئیں جبکہ ایشلے گارڈنر (3.2 کروڑ روپے میں گجرات جائنٹس) اور نیٹ سیور برنٹ (3.2 کروڑ روپے میں ممبئی) سب سے زیادہ کمائی کرنے والی غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔