شمالی بھارت

ویڈیو: تم عورت ہو، تم کچھ بھی نہیں جانتیں۔ نتیش کمار کے ریمارک پر بہار اسمبلی میں ہنگامہ

چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے چہارشنبہ کے دن اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے جارحانہ احتجاج کے بیچ ایک خاتون رکن اسمبلی پر نامناسب تبصرہ کے ذریعہ تازہ تنازعہ پیدا کردیا۔

پٹنہ: چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے چہارشنبہ کے دن اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے جارحانہ احتجاج کے بیچ ایک خاتون رکن اسمبلی پر نامناسب تبصرہ کے ذریعہ تازہ تنازعہ پیدا کردیا۔

اپوزیشن ارکان خاص طور پر آرجے ڈی‘ کانگریس اور بایاں بازو جماعتوں کے ارکان نے نتیش کمار ہائے ہائے کے نعرے لگائے۔ قبل ازیں 11بجے ایوان کی کاروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان احتجاج کرنے لگے تھے وہ مطالبہ کررہے تھے کہ ریاست کے ترمیمی ریزرویشن قوانین کو دستور کی نویں فہرست میں شامل کیاجائے۔

چیف منسٹر نتیش کمار نے بولنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کا جارحانہ احتجاج جاری رہا۔ انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ بیٹھ جائے اور حکومت کا موقف سنے۔ اپوزیشن نے اگر معقولیت کو سمجھ لیاتو وہ حکومت کے اقدامات کی ستائش کرے گی۔ اپوزیشن نے نعرے بازی جاری رکھی۔

وہ چیف منسٹر ہائے ہائے کے نعرے لگاتی رہی۔ اس پر چیف منسٹر نے کہا کہ آپ لوگ مجھے ہائے ہائے کہہ رہے ہیں‘ آپ کو بھی میں ہائے ہائے کہتا ہوں۔ اس پر ارکان اسمبلی ہنس پڑے۔ اپوزیشن ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور احتجاج کرنے لگے۔ وہ ریاست کو خصوصی درجہ اور65 فیصد ریزرویشن کی پالیسی بحال کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔

اسپیکر نندکشوریادو نے اپوزیشن ارکان کے جارحانہ احتجاج پر ناراضگی ظاہرکی۔ انہوں نے کانگریس رکن اسمبلی مناتیواری کو نکال باہرکرنے کا حکم تک جاری کردیا۔ مارشل اور رکن اسمبلی میں دھکم پیل ہوئی۔ اسپیکر کی ہدایت پر مارشل نے زبردستی مناتیواری کے ہاتھ سے پوسٹر چھین لیا۔ اپوزیشن کے جارحانہ تیور کو دیکھتے ہوئے اسپیکر نے 2 بجے تک اجلاس ملتوی کردیا۔

a3w
a3w