انٹرٹینمنٹ

یوٹیوبر حملہ کیس : بگ باس اسٹار ایلویش یادو کو ضمانت منظور

بگ باس او ٹی ٹی 2 کے فاتح ایلویش یادو کو گروگرام کی ایک عدالت نے آج یوٹیوبر ساگر ٹھاکر عرف میاکسٹرن پر حملہ کیس میں ملوث ہونے کے کیس میں ضمانت منظور کی۔

گروگرام: بگ باس او ٹی ٹی 2 کے فاتح ایلویش یادو کو گروگرام کی ایک عدالت نے آج یوٹیوبر ساگر ٹھاکر عرف میاکسٹرن پر حملہ کیس میں ملوث ہونے کے کیس میں ضمانت منظور کی۔

پولیس کے مطابق یوپی پولیس نے ایلویش یادو کو گروگرام کی عدالت میں پیش کیا جہاں سے گروگرام پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔

بعد ازاں یادو کو ہفتہ کے روز 1:30 بجے دن ڈیوٹی مجسٹریٹ اکشے کمار کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سیکٹر 53 پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او راجندر کمار نے اس واقعہ کی توثیق کرتے ہوئے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت نے یادو کو ضمانت پر رہا کردیا۔

اسے تقریباً 1:30 بجے دن عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور اس کے وکیلوں کی جانب سے ضمانتی بانڈ پیش کرنے کے بعد اسے ضمانت منظور کی گئی۔ گروگرام پولیس نے یوٹیوبر ساگر ٹھاکر پر حملہ کیس میں یادو کا بیان بھی قلمبند کیا۔

بیان قلمبند کرنے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایس ایچ او نے قبل ازیں کہا تھا کہ ایلویش کو 18 مارچ کو نوٹس جاری کی گئی تھی اور حملہ کیس کے سلسلہ میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ بہرحال نوئیڈا پولیس نے پہلے ہی ایلویش کو حراست میں لے لیا تھا، لہٰذا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔