آئین کے تحفظ کیلئے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ضروری: سیتا رام یچوری
سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے اتوار کے روز کہا کہ آئین (دستور) کے تحفظ اور عوام کے حقوق کی طمانیت کیلئے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ہوگا۔
حیدرآباد: سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے اتوار کے روز کہا کہ آئین (دستور) کے تحفظ اور عوام کے حقوق کی طمانیت کیلئے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ہوگا۔
یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سیتا رام یچوری نے کہا کہ حیدرآباد لبریشن ڈے میں زعفرانی جماعت کا کوئی رول نہیں ہے اور یہ جماعت تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
اگر آپ انڈیا کو بحیثیت سیکولر، عوامی جمہوریہ ملک تحفظ چاہتے ہیں، اگر آپ ہندوستانی آئین کا تحفظ اور عوام کو دئیے گئے حقوق کی ضمانت چاہتے ہیں تو آپ کو بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ہوگا۔ تمام سرکاری ایجنسیوں کو حکمراں جماعت کے سیاسی ہتھکنڈوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ضروری رہے گا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سیتا رام یچوری نے یہ بات کہی۔ کمیونسٹ قائد نے مزید کہا کہ 25ستمبر کو انڈین نیشنل لوک دل کی ریالی مقرر ہے اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کی جانب سے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بات چیت میں پہل سیکولر جماعتوں کو ایک مرکز پرلانے کا واحد ایجنڈہ ہے۔
یچوری نے مزید کہا کہ بی جے پی، حیدرآباد لبریشن ڈے کے بارے میں عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے کیلئے بی جے پی، تاریخ کو مسخ کرنے اور فرقہ پرستی کو بڑھاوا دینے کی کوشش کررہی ہے۔ کمیونسٹ قائد یچوری نے کہا کہ ان کا احساس ہے کہ17ستمبر کو ”نظام کی خودسپردگی“ کے ڈے کے طور پر منایا جانا چاہئے۔