دہلی

تعلیمی اداروں میں یکساں ڈریس کوڈ‘ سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سدھانشو دھولیہ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں لانے کا نہیں ہے۔ سینئر وکیل گورو بھاٹیہ‘ درخواست گزار نکھل اُپادھیائے کی طرف سے پیش ہوئے۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو مفادِ عامہ کی ایک درخواست (پی آئی ایل) کی سماعت سے انکار کردیا جس میں مرکز‘ ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو رجسٹرڈ تعلیمی اداروں میں عملہ اور طلبا کے لئے یکساں ڈریس کوڈ لاگو کرنے کی ہدایت دینے کی گزارش کی گئی تھی۔

جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سدھانشو دھولیہ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں لانے کا نہیں ہے۔ سینئر وکیل گورو بھاٹیہ‘ درخواست گزار نکھل اُپادھیائے کی طرف سے پیش ہوئے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ دستوری مسئلہ ہے اور حق ِ تعلیم قانون کے تحت ہدایت دی جائے۔ بنچ کا موڈ بھانپتے ہوئے انہوں نے درخواست واپس لے لی۔ یہ درخواست کرناٹک حجاب تنازعہ کے پس منظر میں داخل ہوئی تھی۔