مہاراشٹرا حکومت تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک کرے گی: ایکناتھ شنڈے
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے آج کہا کہ شیوسینا سپریمو بال ٹھاکرے کے ہندوتوا کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے انکی قیادت والی حکومت بھرپور اقدامات کریگی لیکن اسکے ساتھ ہی ساتھ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں حقوق فراہم کریگی۔
ممبئی: مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے آج کہا کہ شیوسینا سپریمو بال ٹھاکرے کے ہندوتوا کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے انکی قیادت والی حکومت بھرپور اقدامات کریگی لیکن اسکے ساتھ ہی ساتھ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں حقوق فراہم کریگی۔
ریاستی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ جیتنے کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکی حکومت ایک عام حکومت ثابت ہوگی اور ریاست کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کرنا انکی اولین ترجیحات ہوگی۔
شیوسینا کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیوسینا کو بچانے کے لیے وہ شہید ہونے کے لیے بھی تیار ہیں۔ لیکن 2019 کے اسمبلی انتخابات کے دوران جس طرح سے ان کے ساتھ رویہ ابنایا گیا تھا وہ انکے لئے پریشانی کا باعث بنا اور "انہیں (شیو سینا کے ٹھاکرے گروپ) کو سمجھنا چاہیے کہ آخر پارٹی میں بغاوت کیوں ہوئی؟
ریاستی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اقتدار کی کوئی لالچ نہیں ہے، پہلے بھی مجھے اقتدار کی لالچ نہیں تھی اور نہ آج میری کوئی خواہش ہیکہ مجھے کوئ بڑا عہدہ ملے نیز ، بی جے پی کے ساتھ ہمارا فطری اتحاد ہے، انتخابات ہم نے بی جے پی کے مل کر لڑا تھا، میں نے اپنی پارٹی کے قائدین کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد حکومت سازی کریں لیکن انہیں نظرانداز کیا گیا اور ہماری نظریاتی ہار ہوئی جس کے نتیجے میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت تشکیل دی گئی –
چیف منسٹر نے مزید کہا کہ "تمام ایم ایل اے بالاصاحب اور آنند دیگے کے نظریات کے کٹر حامی ہیں انکے نظریات کو ہی عملی جامہ نہیں پہنایا جارہا تھا پارٹی میں گھٹن محسوس ہونے لگی اور پھر ہم نے ہندوتوادی نظریات کو لاگو کرنے کے لئے مخالفین سے کنارہ کشی اختار کرلی اور ایک بڑی تعداد میں اراکین اسمبلی انکے ساتھ ہولئے۔
اودھو ٹھاکرے سمیت سینا کے اعلی لیڑران نے ان سے رابطہ قائم کیا لیکن مجھے ہی نہیں معلوم تھا کہ میں کہاں جارہا ہوں البتہ صرف ایک خواہش تھی کہ سینا کے لئے شہید ہوجاؤں لیکن ان نظریات کے تحفظ میں کامیاب رہوں جو بالا صاحب اور آنند دیگھے کے تھے۔
اپنی طویل تقریر کے دوران چیف منسٹر اس وقت جذباتی ہوگئے جب برسوں قبل ان کے دو بیٹوں کی ایک حادثہ مہں ہوئی موت کو وہ یاد کرکے اشکبار ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ اپنے دو بیٹوں کی موت کے بعد بھی انہوں نے پارٹی کے کاموں کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنالیا تھا۔
شیو سینک ہونے کے ناطے ایک طویل سفر کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سونے کا چمچہ لیکر نہیں پیدا ہوئے بلکہ زمینی سطح پر انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔
شنڈے نے مزید کہا کہ ان کی حکومت سب کو انصاف دلائیگی اور کابینہ کی میٹنگ میں پیٹرول، ڈیزل، ایندھن پر نافذ ویاٹ ٹیکس کو کم کرنے کی تجویز لائے گی۔