احمدپٹیل کی لڑکی ممتاز پٹیل‘ سرگرم سیاست میں حصہ لینے کی تیاری میں
ممتازپٹیل نے ٹوئٹ کیاکہ کانگریس پارٹی کو تمام فرقوں اور مذاہب پر بھروسہ ہے۔ اس کی قیادت نے ہمیشہ تمام برادریوں کا احترام کیا ہے۔ قیادت کو پاٹیداروں کو فراموش نہیں کرناچاہئیے کیونکہ وہ سماج کا حصہ ہیں۔
احمدآباد: سینئر کانگریس قائداحمدپٹیل مرحوم کی لڑکی ممتازپٹیل سیاست میں داخلہ کیلئے گراؤنڈ ورک کررہی ہیں۔ وہ صحیح وقت اور پلیٹ فارم کی منتظر ہیں۔ حالات حاضرہ پر ان کی حالیہ ٹوئٹس نے سیاسی حلقوں میں مضبوط اشارے دئیے ہیں۔
پاٹیداروں کے خلاف کارگذار صدر قادرپیرزادہ کے بیان پر ممتازپٹیل نے ٹوئٹ کیاکہ کانگریس پارٹی کو تمام فرقوں اور مذاہب پر بھروسہ ہے۔ اس کی قیادت نے ہمیشہ تمام برادریوں کا احترام کیا ہے۔ قیادت کو پاٹیداروں کو فراموش نہیں کرناچاہئیے کیونکہ وہ سماج کا حصہ ہیں۔
لوگوں کو کانگریس سے بڑی امیدیں ہیں۔ میں‘ بھڑوچ یوتھ کانگریس کے نائب صدرنکھل شاہ کی رہائی کی اپیل کرتی ہوں جسے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے خلاف احتجاج کرنے پر گرفتارکیاگیا۔ سیاست میں قدم رکھنے کے بارے میں ممتازپٹیل نے آئی اے این ایس سے بات چیت میں کہا کہ لوگوں نے میری ٹوئٹس پر گرمجوشی دکھائی ہے۔
میں‘ کمیونٹی اور قوم کی تعمیر کا حصہ بنناچاہتی ہوں۔ میرا خیال ہے کہ میں اسی کیلئے پیدا ہوئی ہوں۔ میں سرگرم سیاست میں حصہ لینے صحیح وقت اور پلیٹ فارم کے انتظارمیں ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کسی سیاسی جماعت میں راست شامل ہونے سے قبل میدان ہموار کرنے ہمخیال لوگوں سے بات چیت شروع کردی ہے۔
ممتازپٹیل نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح خیرخیرات کا سلسلہ جاری رکھنا ہے جو ان کے والد اپنے پیچھے چھوڑگئے ہیں۔ ممتازپٹیل نے کہا کہ وہ آنے والے اسمبلی الیکشن میں کسی کے لئے بھی مہم چلانے کا کوئی بھی منصوبہ نہیں رکھتیں۔