تلنگانہ

حکومت پر آر ٹی سی کو فروخت کرنے اور پری پیڈ برقی میٹرس نصب کرنے کا دباؤ : کے سی آر

چیف منسٹرکے سی آر نے دعویٰ کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت سے انہیں نوٹیس وصول ہوئی ہیں جس میں ریاستی حکومت کو ٹی ایس آرٹی سی کوفروخت کرنے کی ہدایت دی گئی۔

حیدرآباد: چیف منسٹرکے سی آر نے دعویٰ کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت سے انہیں نوٹیس وصول ہوئی ہیں جس میں ریاستی حکومت کو ٹی ایس آرٹی سی کوفروخت کرنے کی ہدایت دی گئی۔

مرکز نے ٹی ایس آرٹی سی کوفروخت کرنے پر حکومت تلنگانہ کوایک ہزار کروڑ روپے کی مراعات دینے کا بھی تیقن دیا تھا اور برقی صارفین کو پری پیڈبرقی میٹرس نصب کرانے کا لزوم عائد کرنے پر ریاستی حکومت کو سالانہ 5ہزار کروڑ روپے مراعات دینے کا تیقن دیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ مرکزچاہتا ہے کہ برقی اور زرعی شعبہ صنعت کا روں کے حوالے کیاجائے۔چیف منسٹرنے الزام عائد کیا کہ اے پی تنظیم جدید ایکٹ کے تناظر میں مودی حکومت نے کئی مواقع پرتلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے ضلع کھمم کے 7منڈلوں اور لوور سیلروہایڈل پاور پلانٹ کو آندھراپرد یش کے حوالے کرنے کا بذریعہ آرڈننس حکم جاری کیا۔

کے چندرشیکھرراؤنے الزام عائد کیا کہ نریندرمودی‘ملک کے سب سے زیادہ فاشسٹ وزیر اعظم ہیں۔کوئی بھی فیصلہ سے قبل احتجاج منظم کرناسیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے۔

انہوں نے کئی مکتوب وزیر اعظم کو تحریرکرتے ہوئے ان سے خواہش کی تھی وہ سات منڈلوں کے بجائے کوئی اورپراجکٹ حوالے کردیں مگر وزیر اعظم نے ہماری اس تجویز پرعمل نہیں کیا۔

بی آر امبیڈکرکے تحریر کردہ دستورکی وجہ سے تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی مگرمرکزکی حکومت اس دستورکااحترام نہیں کررہی ہے۔چیف منسٹر نے مزید کہاکہ کسی بھی بل کومتعارف کرانے سے قبل مرکز‘ ریاستوں سے مشاورت نہیں کرتا ہے۔