دہلی

سونیا گاندھی، راہول  اور پرینکا نے ہم وطنوں کو 75 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی

سونیا گاندھی نے کہاکہ آج کی حکومت ہمارے آزادی پسندوں کی عظیم قربانیوں اور ملک کی شاندار حصولیابیوں کو معمولی قرار دینے پر تلی ہوئی ہے، جسے کبھی بھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پیر کو آزادی کی 75 ویں سالگرہ پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی اورنیک خواہشات کا اظہارکیا۔ گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا، "پیارے ہم وطنو، آزادی کی 75ویں سالگرہ پر آپ سب کو بہت بہت نیک خواہشات۔

 گزشتہ 75 برسوں میں ہندوستان نے اپنے باصلاحیت ہندوستانیوں کی سخت محنت کی بدولت سائنس، تعلیم، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ ہندوستان نے اپنے دور اندیش لیڈروں کی قیادت میں ایک جانب جہاں آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابی نظام قائم کیا وہیں جمہوریت اور آئینی اداروں کو مضبوط بنایا ہے۔

 اس کے ساتھ ساتھ ہندوستان نے زبان، مذہب، فرقے کے تکثیری امتحان پرہمیشہ کھرا اترنے والے ایک سرکردہ ملک کے طورپر اپنی قابل فخر شناخت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’دوستو، ہم نے گزشتہ 75 برسوں میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

لیکن آج کی حکومت ہمارے آزادی پسندوں کی عظیم قربانیوں اور ملک کی شاندار حصولیابیوں کو معمولی قرار دینے پر تلی ہوئی ہے، جسے کبھی بھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔ سیاسی فائدے کے لیے تاریخی حقائق پر کوئی بھی غلط بیانی اور گاندھی-نہرو-پٹیل-آزاد جی جیسے عظیم قومی رہنماؤں کو جھوٹ کی بنیاد پر کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ہر کوشش کی انڈین نیشنل کانگریس سخت مخالفت کرے گی۔

 میں ایک بار پھر باشندگان وطن کو ہندوستان کے یوم آزادی کی نیک خواہشات پیش کرتی ہوں اور ہندوستان کے روشن جمہوری مستقبل کی تمنا کرتی ہوں۔ جئے ہند۔” گاندھی نے کہا، "آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر آج کانگریس ہیڈکوارٹر میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی، یہ ایک تاریخی اور یادگار لمحہ ہے۔

آج ہم آزادی کے 76 ویں سال میں داخل ہو رہے ہیں، ہمیں متحد ہوکر ایک نئی توانائی پیداکرکے، ملکی مفاد کے کاموں کو ایک نئی سمت اور رفتار دینی ہو گی۔جئے ہند۔

واڈرا نے کہا کہ "قربانیوں، نظریات، ہندوستان کی وسیع قدیم ثقافت، آئین کی اقدار، ترقی کے پروں کو بلند کرنے کی اجتماعی کوششوں نے ملک کی ایک مضبوط بنیاد رکھی۔ آزاد ہندوستان کا 75 سال کاسفراس مضبوط بنیاد کا گواہ ہے۔ یوم آزادی کی دلی مبارک باد۔”