شمالی بھارت

مدرسے، تمام مذاہب کے طلبا کیلئے کھلے ہیں: مدرسہ ایجوکیشن بورڈ

صدرنشین اترپردیش اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے کہا ہے کہ ہر مذہب کے طلبا کو ریاستی مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔

لکھنو: صدرنشین اترپردیش اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے کہا ہے کہ ہر مذہب کے طلبا کو ریاستی مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدرسے مذہبی تعلیم کے ساتھ ہر مضمون میں جدید تعلیم دیتے ہیں۔ مسلمان‘ سنسکرت اسکولوں اور کالجوں میں پڑھ سکتے ہیں تو دیگر مذاہب کے طلبا‘مدرسوں میں تعلیم کیوں نہیں حاصل کرسکتے؟

میرے خیال میں مذہب کی وجہ سے طلبا میں بھیدبھاؤ نہیں ہونا چاہئے۔ میں خود بھی بنارس ہندو یونیورسٹی کا طالب علم رہا ہوں۔ ڈاکٹر جاوید کا یہ بیان نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (این سی پی سی آر) کی نوٹس کے جواب میں آیا۔

این سی پی سی آر نے اُن تمام سرکاری امدادی/مسلم مدرسوں کی تفصیلی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے جو غیرمسلم طلبا کو داخلہ دیتے ہیں۔

ڈاکٹر جاوید نے کہا کہ ریاست میں بعض مدرسے‘ سنسکرت اور دیگر زبانوں کی تعلیم دیتے ہیں۔ مدرسوں میں سائنس‘ ریاضی اور دیگر مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اترکھنڈ کے مدرسے‘ اترکھنڈ بورڈ میں رجسٹر ہوں گے۔ مدرسوں میں یونیفارم اور این سی ای آر ٹی کا نصاب لاگو ہوگا۔