شمالی بھارت
مسجد میں نماز ادا کرنے والے شخص کو نامعلوم افراد نے گولی ماردی
مسجد میں فجر کی نماز ہو رہی تھی کہ اس دوران نقاب پوش مسلح شرپسندوں نے مسجد میں گھس کر اگلی صف میں نماز ادا کرنے والے 65 سالہ شخص ادریس کو بے رحمی سے قتل کردیا۔
بلندشہر: اتر پردیش کے بلند شہر ضلع کے خرجا نگر میں جمعہ کی صبح مسلح بدمعاشوں نے مسجد میں نماز پڑھ رہے ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی جی رینج، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت تمام اعلیٰ حکام موقع پر موجود ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شلوک کمار سنگھ نے بتایا کہ خرجہ کے محلہ شیخپن کی مسجد میں آج صبح فجر کی نماز ہو رہی تھی کہ اس دوران نقاب پوش مسلح شرپسندوں نے مسجد میں گھس کر اگلی صف میں نماز ادا کرنے والے 65 سالہ شخص ادریس کو بے رحمی سے قتل کردیا۔
قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم پولیس اسے دشمنی کا قتل قرار دے رہی ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔