مندروں کے قریب واقع تمام مساجد ہٹادی جائیں: وزیر سنجے نشاد
یوپی کے وزیر سمکیات سنجے نشاد نے مندروں کے قریب واقع تمام مساجد کو ہٹادینے کی اپیل کی ہے۔
باغپت (اترپردیش): یوپی کے وزیر سمکیات سنجے نشاد نے مندروں کے قریب واقع تمام مساجد کو ہٹادینے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مذہبی جنون پھیل گیا ہے اور مندروں کے قریب واقع تمام مساجد کو ہٹادیا جانا چاہئے۔
ریاست میں دینی مدارس کے سروے کے بارے میں نشاد نے کہا کہ مدارس کو دہشت گردی سے مربوط پایا گیا ہے اور کئی مرتبہ وہاں سے متعدد دہشت گرد پکڑے گئے ہیں اسی لئے مسلم مذہبی رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ دینی مدارس کے سروے کی حمایت کریں تاکہ اپنی شبیہ کو صاف ستھرا بناسکیں۔
انہوں نے اپوزیشن پر مذہبی جنون پھیلانے اور مولاناؤں سے مل کر فساد بھڑکانے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکز میں نریندر مودی کی حکومت میں فسادات کے واقعات میں کمی آئی ہے۔
نشاد پارٹی کے لیڈر نے یہ بھی کہا کہ مولاناؤں نے ملک میں غربت بڑھائی ہے اور ان ہی کی وجہ سے مسلمان بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ نشاد نے مزید کہا کہ مولانا لوگ یہ نہیں چاہتے کہ مسلمان بچے بھی تعلیم یافتہ اور باشعور بنیں۔