بھارتسوشیل میڈیا

”مودی کے آشیرواد سے روپوش نہیں ہوا تھا“۔سچن پائلٹ پر اویسی کا طنز

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے آج سینئر کانگریس لیڈر سچن پائلٹ پرجوابی تنقید کی ہے۔

جئے پور: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے آج سینئر کانگریس لیڈر سچن پائلٹ پرجوابی تنقید کی ہے۔

سچن نے کہا تھا کہ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ جو بار بار راجستھان کا دورہ کررہے ہیں جہاں اسمبلی انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں مقرر ہیں، اپنا مقصد پورا ہونے پر غائب ہوجائیں گے۔

اویسی نے کہا کہ کانگریس کے برعکس ان کی پارٹی نے ہمیشہ بی جے پی کی مخالفت کی ہے جبکہ کانگریس پارلیمنٹ میں نریندرمودی حکومت کی جانب سے لائے گئے بلوں کی حمایت کرتی ہے۔

اویسی نے 2020 میں پائلٹ کی بغاوت کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ تو ہریانہ نہیں گئے تھے اور چیف منسٹر کی کرسی کیلئے وزیراعظم مودی کے آشیرواد سے وہاں نہیں چھپے تھے۔

سچن پائلٹ نے پیر کے روز ضلع سری گنگن نگر میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم مودی اور اویسی چند برسوں سے راجستھان میں نظر نہیں آئے تھے لیکن اب انہوں نے یہاں کے دورے شروع کردیئے ہیں کیونکہ انتخابات قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، دوسا کو جارہے ہیں جبکہ اویسی ٹونک کو جارہے ہیں کیونکہ یہ ایک انتخابی سال ہے۔ گزشتہ چار سال سے یہ قائدین کہاں تھے۔ اب انتخابات قریب آرہے ہیں لہٰذا وہ لوگ مذہب کے بارے میں تقریر کرنے یہاں آرہے ہیں۔ الیکشن سے پہلے اور راجستھان میں انتخابات کا اعلان ہونے تک یہ لوگ کہاں تھے۔

الیکشن ختم ہوتے ہی یہ لوگ غائب ہوجائیں گے۔ ہم یہاں بیٹھے ہوئے لوگ دکھ سکھ میں آپ کے ساتھی ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے کسانوں کے خلاف قانون بنایا تھا۔ یہ لوگ مذہب کے نام پر ووٹ لیتے ہوئے اقتدار پر آئے ہیں۔ یہ لوگ حکومت میں ہیں لیکن مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو نہیں پاسکے۔

a3w
a3w