ٹمریز کے 4 طلبہ کو میڈیکل سیٹ
سکریٹری تلنگانہ مائناریٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز) بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ ٹمریز کے 4 طلبہ نے میڈیکل کونسلنگ کے پہلے مرحلہ میں میڈیکل سیٹس حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔
حیدرآباد: سکریٹری تلنگانہ مائناریٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز) بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ ٹمریز کے 4 طلبہ نے میڈیکل کونسلنگ کے پہلے مرحلہ میں میڈیکل سیٹس حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔
ان طلبہ میں طہورہ مسعود ایم بی بی ایس ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج‘ محمد سیف الدین ایم بی بی ایس ایان میڈیکل کالج‘ کے رام بابو ایم بی بی ایس گاندھی میڈیکل کالج‘ ای سراون کمار بی ڈی ایس جامعہ ملیہ نئی دہلی شامل ہیں‘ جنہوں نے اپنی نشستیں محفوظ کرلیں۔
طہورہ مسعود کی والدہ نے کہا کہ میرے شوہر روزانہ مزدوری پر کام کرتے ہیں۔ ہماری معاشی حالت کی وجہ سے میری لڑکی میڈیکل اگزام کے لئے تیاری نہیں کرسکتی تھی لیکن ٹمریز کی جانب سے نیٹ کی لانگ ٹرم کوچنگ کے باعث آج میڈیکل سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
ہم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ٹمریز کا قیام عمل میں لایا۔ اسی طرح محمد سیف الدین نے بتایا کہ وہ کمسنی میں ہی اپنے والدین سے محروم ہوگیا تھا۔ میرے دادا دادی اور انکل نے میری تعلیم کے لئے کئی قربانیاں دیں۔ جس کے باعث میں آج ایم بی بی ایس سیٹ حاصل کرسکا۔
ضلع نلگنڈہ کے کوتا مورتی گاؤں کے رہنے والے کے رام بابو نے کہا کہ ان کے والدین مزدور پیشہ ہے تاہم تلنگانہ حکومت اور میرے اساتذہ کی مدد سے میں ایم بی بی ایس سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ ای سراون کمار نے کہا کہ میری غریبی نے مجھے سکھایا کہ میں اپنی زندگی میں غربت کی وجہ سے کسی کو مرنے نہیں دونگا۔
وہ جامعہ ملیہ میں بی ڈی ایس سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور‘ مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی بہبود وصدر ٹمریز اے کے خان نے ان طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔
سکریٹری ٹمریز بی شفیع اللہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تعلیمی پالیسی اور غریب اقلیتی طبقات کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نیٹ میں سیٹ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔