شمالی بھارت

گیان واپی مسجد کیس، الٰہ آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد کمیٹی کی دیوانی درخواست ِ نظرثانی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔

پریاگ راج: الٰہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد کمیٹی کی دیوانی درخواست ِ نظرثانی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔

انجمن انتظامیہ مساجد وارانسی نے وارانسی کی عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے جس نے اس کے اعتراضات مسترد کردیئے تھے۔ جسٹس جے جے منیر نے فریقین کے وکلاء کی بحث کی تفصیلی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ رکھا۔

جمعہ کے دن درخواست گزار کے وکیل ایس ایف اے نقوی نے عدالت میں دلیل دی کہ ہندو فریق کا یہ دعویٰ مصنوعی ہے کہ 1993 میں ہندو بھکتوں کو گیان واپی مسجد کی باہر کی دیوار پر بنی شرنگار گوری اور دیگر دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں کی پوجا سے باز رکھا گیا تھا۔

نقوی نے اسے چالاک ڈرافٹنگ کی مثال قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ 1993 میں اُس وقت کی ریاستی حکومت نے کوئی تحریری حکم جاری نہیں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ صرف اس لئے کیا گیا کہ 1991 کے مذہبی مقامات قانون کی گرفت میں آنے سے بچاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو فریق کا مقدمہ لمیٹیشن ایکٹ اور وقف ایکٹ کے تحت بھی نہیں ٹکتا۔