آسام کانگریس کے 6 ارکان اسمبلی اے آئی یو ڈی ایف میں شامل ہوں گے : بدرالدین اجمل
بدرالدین اجمل کی زیر قیادت آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ آسام کے کم ازکم 6 کانگریس ارکان اسمبلی اے آئی یو ڈی ایف میں شامل ہوں گے۔
گوہاٹی: بدرالدین اجمل کی زیر قیادت آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ آسام کے کم ازکم 6 کانگریس ارکان اسمبلی اے آئی یو ڈی ایف میں شامل ہوں گے۔
آسام بی جے پی کے صدر بھابیش کلیتا نے دعویٰ کیا تھا کہ بعض اپوزیشن ارکان بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں جس کے چند دن بعد اجمل نے یہ دعویٰ کیا ہے اے آئی یو ڈی ایف کے ارکان اسمبلی اور پارٹی جنرل سکریٹری کریم الدین بھربھویا نے اے این آئی کو بتایا کہ کانگریس کے کم ازکم 6 ارکان اسمبلی جن کا آسام سے تعلق ہے، ان کی پارٹی کے ساتھ ربط میں ہیں اور وہ اے آئی یو ڈی ایف میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
کریم الدین نے کہا کہ 6 ماہ پہلے میں نے کہا تھا کہ کانگریس کے بعض ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ ڈائس پر بیٹھیں گے۔ انہوں نے ہمارے پارٹی صدر سے بھی ملاقات کی ہے ہم کوئی ضمنی انتخاب نہیں چاہتے اسی لئے ہم انتظار کررہے ہیں۔ کم ازکم 6 کانگریس ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ ربط میں ہیں۔
انہوں نے دیگر کانگریس ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ اگر کوئی بی جے پی میں جانا چاہتا ہے، تو اسے ایسا نہیں کرنا چاہئے۔ کریم الدین نے کہا کہ آئندہ 5،6 سال میں بی جے پی ختم ہوجائے گی اور بہار سے ان کا زوال شروع ہوچکا ہے۔ میں دیگر کانگریس ارکان اسمبلی سے درخواست کرتا ہوں کہ انہیں بی جے پی میں جانے کی ضرورت نہیں۔
ہم نے شروع سے ہی شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی مخالفت کی ہے۔ ہم آسام معاہدہ کی بھی حمایت کرتے ہیں۔ آسام کے عظیم تر مفاد کیلئے بی جے پی میں نہ جائیں۔ اپنے علاقہ، اپنی ریاست کے بارے میں سوچیں اور اے آئی یو ڈی ایف میں شامل ہوجائیں۔
اے آئی یو ڈی ایف کے رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ کانگریس ارکان اسمبلی کے علاوہ دیگر کئی کانگریس قائدین بھی اے آئی یو ڈی ایف میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کو کئی کانگریس قائدین جن میں بارپیٹا کے ضلع صدر بھی شامل ہیں اور ریاستی سطح کے جنرل سکریٹری بھی شامل ہیں وہ اے آئی یوڈی ایف میں شامل ہوں گے۔