اُمیدواروں کے مجرمانہ پس منظر کو اخبارات میں شائع کیا جائے : چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار نے آج یہاں کہا کہ انتخابی عمل کو بہتر اور باقاعدہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اِس مقصد کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اگرتلہ: چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار نے آج یہاں کہا کہ انتخابی عمل کو بہتر اور باقاعدہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اِس مقصد کے لئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں اور اُمیدواروں کے تعلق سے کہا کہ وہ اپنے اُمیدواروں کے مجرمانہ پس منظر کے تعلق سے کم از کم 3 مرتبہ اخبارات میں مواد شائع کریں۔
اِس کے علاوہ ٹیلی ویژن چینلس اور اُن کے ویب سائٹس سے بھی اِستفادہ کیا جاناچاہیے۔ چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں اور اُمیدواروں کو چاہیے کہ وہ اپنے مجرمانہ پس منظر کی اخبارات میں اشاعت عمل میں لائیں تاکہ انتخابی عمل کو بہتر اور باقاعدہ بنانے کی راہ ہموار ہوسکے۔
راجیو کمار نے مزید کہا کہ اگر اُمیدوار کا پس منظر مجرمانہ ہوتو پھر کس وجہ سے اُنہیں انتخابی میدان میں شامل کیا جارہا ہے۔ اِس کی بھی وضاحت ہونی چاہیے۔ عوام کو لازمی طور پر انتخابات سے قبل اُمیدواروں کا پس منظر معلوم ہونا چاہیے۔
چیف الیکشن کمشنر نے تریپورہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس کے موقع پر یہ بات بتائی، جہاں توقع ہے کہ اِس ماہ کے اواخر میں انتخابات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ دو الیکشن کمشنرس انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل کے ساتھ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیو کمار نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہی اُمیدواروں کے پس منظر سے عوام کو واقفیت ہونی چاہیے۔
الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ ہم انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اِس سلسلہ میں شہریوں کو بھی ذمہ داران رول ادا کرنا ہوگا۔ اِس طرح رائے دہندوں اور انتخابات سے متعلق عہدیداروں کے درمیان تال میل سے ہی انتخابی عمل بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شکایت پیش کی جائے تو ہم اندرون 100 منٹس اِس کی یکسوئی کی کوشش کریں گے۔ اس مقصد کے لئے عصری طریقہ کار سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضابطہ ئ اخلاق کو بھی یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس کے علاوہ انتخابات کے دوران ہونے والے اخراجات پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ الیکشن کمشنر اور دوسرے عہدیدار چہارشنبہ کی دوپہر کو یہاں پہنچے تاکہ تریپورہ اسمبلی کے انتخابات کے پیش نظر مختلف اُمور کا جائزہ لیتے ہوئے تیاریوں کا آغاز کیا جاسکے۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے علاوہ دوسرے کئی سینئر عہدیدار بھی یہاں پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دوسرے محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اشتراک و تعاون کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔
cVIGIL ایپ اِس سلسلہ میں کمیشن کے رہنمایانہ اُصول اور ہدایات پر بھی عمل آوری کی جائے گی۔ خاطی عہدیداروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ برسر اقتدار بی جے پی کے علاوہ اپوزیشن سی پی آئی (ایم)، کانگریس، ترنمول کانگریس کے علاوہ دوسری پارٹیوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائیں۔ پُرامن انتخابات کا انعقاد اُسی صورت میں ہوسکتا ہے جب کہ حکومت مؤثر اقدامات کریں۔