ارپتا مکرجی کی 4 لاپتہ گاڑیوں کی ای ڈی کو تلاش
ای ڈی کے مطابق ڈائمنڈ سٹی کامپلکس میں ارپتا مکرجی کی گاڑیوں کے لئے 5 مقامات مختص تھے، جن میں 2 مرسیڈیز بنز، ایک ہونڈا سٹی، ایک ہونڈا سی آر بی اور ایک آڈی A4 شامل تھے۔
کولکتہ: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے سراغرساں جو کروڑوں روپے مالیتی مغربی بنگال اسکول سرویس کمیشن (ڈبلیو بی ایس ایس سی) رکروٹمنٹ اسکام کی تحقیقات کررہے ہیں، اب جنوبی کولکتہ میں ٹالی گنج میں واقع ارپتا مکرجی کی ڈائمنڈ سٹی قیام گاہ سے 4 لاپتہ گاڑیوں کی تلاش کررہے ہیں۔
اُن کی قیام گاہ سے 22 / جولائی کو مرکزی ایجنسی کے سراغرسانوں نے پہلی بار بڑی مقدار رقم برآمد کیا تھا۔ ای ڈی کے مطابق ڈائمنڈ سٹی کامپلکس میں ارپتا مکرجی کی گاڑیوں کے لئے 5 مقامات مختص تھے، جن میں 2 مرسیڈیز بنز، ایک ہونڈا سٹی، ایک ہونڈا سی آر بی اور ایک آڈی A4 شامل تھے۔
یہ گاڑیاں 22 / جولائی کی شام تک وہاں پارک کی ہوئی تھیں جس وقت مرکزی ایجنسی کے عہدیدار دھاوے شروع کئے تھے۔ ای ڈی کے ذرائع نے توثیق کی کہ تلاشی اور ضبطی کی کارروائی 23 / جولائی کی صبح کی اولین ساعتوں میں ختم ہونے تک 5 میں سے 4 گاڑیاں لاپتہ ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک وہ ایک گاڑی سفید رنگ کی مرسیڈیز بنز کا پتہ چلائے ہیں جسے ضبط کرلیا گیا ہے۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ وہ پارکنگ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج سے لاپتہ 4 گاڑیوں کا پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں جو اُس دوران وہاں سے لاپتہ ہوئی ہیں۔
ای ڈی کے عہدیدار 4 گاڑیوں میں نقد رقم، سونا اور دیگر اہم دستاویزات کی موجودگی کو مسترد نہیں کررہے ہیں۔ اِسی دوران پارتھا چٹرجی اور ارپتا کو طبی معائنے کے لئے آج دوپہر کولکتہ کے جنوبی مضافاتی مقام جوکا میں واقع ای ایس آئی ہاسپٹل میں پیش کیا گیا۔