حیدرآباد

اسرائیل کی دہشت گردی، 27 اکتوبر کو یاقوت پورہ بڑا بازار سے احتجاجی ریالی

تحریک مسلم شبان کی زیرقیادت کل جماعتی اجلاس نے اسرائیل کی دہشت گردی فلسطینیوں اور غزہ کے عوام پر بمباری اور جس میں ہزاروں بچے‘ خواتین اور نوجوان شہید ہوئے ہیں کے خلاف 27 اکتوبر کو بعد نماز جمعہ بڑا بازار یاقوت پورہ سے براہ دبیر پورہ دارالشفاء گراؤنڈ احتجاجی ریالی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

حیدرآباد: تحریک مسلم شبان کی زیرقیادت کل جماعتی اجلاس نے اسرائیل کی دہشت گردی فلسطینیوں اور غزہ کے عوام پر بمباری اور جس میں ہزاروں بچے‘ خواتین اور نوجوان شہید ہوئے ہیں کے خلاف 27 اکتوبر کو بعد نماز جمعہ بڑا بازار یاقوت پورہ سے براہ دبیر پورہ دارالشفاء گراؤنڈ احتجاجی ریالی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر تحریک شبان محمد مشتاق ملک کی زیر صدارت دفتر تحریک شبان واقع اعظم پورہ میں ہفتہ کو بعد مغرب کل جماعتی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مولانا تقی رضا عابدی (تنظیم جعفریہ) منیر الدین مجاہد (تحریک خیرامت) مجاہد ہاشمی (مجلس عمل) ڈاکٹر توفیق اللہ (وحدت اسلامی) محمد شکیل ایڈوکیٹ (انڈین یونین مسلم لیگ) ناظم الدین فاروقی (سلامہ فاؤنڈیشن) عبدالمنان (سی پی آئی) متین شریف (کانگریس) محمد سمیع اللہ (نائب صدر تحریک شبان) شہباز علی خاں (مہدیہ قومی مومنٹ) مشتاق ملک نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ دنیا کی سوپر پاور طاقتیں باطل اسرائیل کا ساتھ دے رہی ہیں لیکن حق کے آگے سب پسپا ہوجائیں گے۔

دنیا کو انسانی حقوق کا درس دینے والے آج ہزاروں معصوم بچوں کی شہادت پر خاموش ہیں۔ مشتاق ملک نے کہا کہ ہم ماتم کرنے یا آنسو بہانے والی قوم نہیں ہیں بلکہ ہم فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کریں گے اور اللہ کی بارگاہ میں گڑگڑاکر مظلومین کی کامیابی کے لئے دعا کریں گے۔ آئندہ جمعہ کو یاقوت پورہ سے پرامن ریالی نکالیں گے۔ ہم تمام ائمہ وخطیب‘ دینی وملی جماعتوں‘ دینی مدارس سے اپیل کرتے ہیں‘ وہ 27 اکتوبر کو بعد نماز جمعہ 2 بجے دن یاقوت پورہ بڑا بازار سے نکالی جانے والی اس پرامن ریالی میں شرکت کریں۔

مرزا شاکر بیگ (مسلم لیگ) ودیگر نے شرکت کی اور اسرائیل کی غزہ پر جارحیت اور بربریت کی شدید مذمت کی اور اسرائیل کی مدد کرنے والے ممالک امریکہ‘ برطانیہ‘ فرانس ودیگر ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان قائدین نے اسرائیل کے خلاف عرب اور مسلم ممالک کے نرم رویہ پر بھی اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے اسرائیل کے موقف کی تائید کرنے پر بھی شدید ردِعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی جس نظریہ کی تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان سے اور کیا توقع رکھی جاسکتی ہے۔ چنانچہ ان حالات میں ہم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

اللہ تعالیٰ کی نفرت اور مدد حاصل رہے گی۔ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ حق بلند ہوکر رہے گا اور باطل مٹ جائے گا۔

مشتاق ملک نے کہا کہ جس قوم نے 75 سال سے پتھروں سے مقابلہ کرکے قبلہ اول کا تحفظ کیا ہے۔ نصرت الٰہی سے بہت جلد بیت المقدس کی بازیابی ہوگی اور بابری مسجد میں بھی اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوں گی۔