کھیل

اسٹار ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر سبکدوش

ٹینس کی دنیا پر کئی برسوں تک راج کرنے والے راجر فیڈرر نے ٹینس کو الودع کہہ دیا۔ وہ نم آنکھوں کے ساتھ کورٹ سے رخصت ہوئے۔

لندن: ٹینس کی دنیا پر کئی برسوں تک راج کرنے والے راجر فیڈرر نے ٹینس کو الودع کہہ دیا۔ وہ نم آنکھوں کے ساتھ کورٹ سے رخصت ہوئے۔

ٹینس کے عظیم کھلاڑی اور 20 گرانڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے راجر فیڈرر لیور کپ میں آخری بار ایکشن میں نظر آئے۔ ان کے حریف سمجھے جانے والے رافیل ندال ان کے ڈبلز کے ساتھی کے طورپر کھیلے۔

لیور کپ میں ندال اور فیڈرر کی جوڑی کو جان سوک اور فرانسس ٹیافو نے شکست دی۔ میچ کے اختتام پر فیڈرر اپنے جذبات پر قابو نہ پاسکے اور کورٹ میں موجود اپنی اہلیہ، بچوں اور ساتھی کھلاڑیوں کو گلے لگاکر رو پڑے۔ رافیل ندال بھی اپنے ساتھی کھلاڑی کی رخصت کے موقع پر آبدیدہ ہوگئے۔

میچ کے اختتام پر بات کرتے ہوئے راجر فیڈرر نے کہاکہ یہ ایک شاندار دن رہا میں خوش ہوں۔ اسی دوران دنیائے ٹینس کے بڑے نام‘ حریف بھی اور ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی آج ایک ساتھ آبدیدہ ہوگئے۔ ندال کے ہمراہ راجر فیڈرر کا کیریر کا آخری میچ دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ ان کے دنیا بھر میں چاہنے والوں کیلئے بھی جذباتی لمحہ بن گیا۔

لندن میں 17 ہزار 500 تماشائیوں کے درمیان 41 سالہ راجر فیڈرر نے رافیل ندال کے ہمراہ لیور کپ میں حریف امریکی جوڑی جیک ساک اور فرانسس ٹیافو کے خلاف میچ کھیلا۔ جس میں ندال اور فیڈرر کی جوڑی کو شکست ہوئی۔ میچ کے بعد فیڈرر اپنے پروفیشنل کیریر کو الوداع کہنے پر آبدیدہ ہوگئے۔

دنیائے ٹینس کے دو انتہائی بڑے ناموں کے درمیان اس قدر دوستی اور جذباتی لمحات کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر خوب پسند اور شیئر کیاجا رہاہے۔ اس کے علاوہ میچ کے دوران لی گئی مختلف تصاویر کو بھی سوشل میڈیا پر صارفین بیحد پسند کررہے ہیں۔

اس موقع پر سابق عالمی نمبر ایک سربیا کے جاکوویچ اور دیگر کئی کھلاڑی موجود تھے۔ کیریر کے دوران راجر فیڈرر کے رافیل ندال اور نواک جاکووچ کے خلاف میاچس کو شائقین نے خوب پسند کیا۔ راجر فیڈرر اسپین کے ندال کے خلاف 40 مرتبہ ایکشن میں دکھائی دیئے جس میں انہوں نے 16 میں کامیابی حاصل کی جبکہ نواک جاکووچ کے خلاف وہ 23 مرتبہ جیتنے میں کامیاب رہے۔