این ٹی آر کی بیٹی اوما مہیشوری کی آخری رسومات
بانی تلگودیشم پارٹی و متحدہ ریاست اے پی کے سابق چیف منسٹر این ٹی راماراؤ کی دختر کے اوما مہیشوری کی آخری رسومات چہارشنبہ کے روز یہاں شہر میں انجام دی گئیں۔
حیدرآباد: بانی تلگودیشم پارٹی و متحدہ ریاست اے پی کے سابق چیف منسٹر این ٹی راماراؤ کی دختر کے اوما مہیشوری کی آخری رسومات چہارشنبہ کے روز یہاں شہر میں انجام دی گئیں۔
اومامہیشوری نے مبینہ طور پر پیر کے روز خودکشی کرلی تھی۔ شہر کے جوبلی ہلز کے مہاپرستھانم میں مہیشوری کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔ اس موقع پر ان کے بھائی و ممتاز اداکار این بالکرشنا‘ بہنوئی و سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو‘ افراد خاندان اور دوست احباب کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مہیشوری کی بڑی بیٹی وشال‘ آج صبح امریکہ سے حیدرآباد پہونچی۔ شوہر سرینواس پرساد نے اپنی بیوی کی چتا کو آگ لگائی۔ قبل ازیں آبائی مکان سے ارتھی جلوس نکالا گیا جہاں گھر میں رشتہ داروں اور دوست احباب نے اومامہیشوری کا آخری دیدار کیا۔
ارتھی کے ساتھ بالکرشنا‘ رام اور دوسرے بھائی تھے۔ چندرا بابو نائیڈو‘ ان کے فرزند این لوکیش‘ اداکار کلیان رام اور دیگر رشتہ داروں نے نعش کاآخری دیدار کیا۔ سابق مرکزی وزیر و بی جے پی قائد ڈی پورندیشوری اور این بھونیشوری جو آنجہانی کی حقیقی بہنیں ہیں‘ نے بھی اپنی بہن مہیشوری کا آخری دیدار کیا۔