بحرین کے بولر رضوان بٹ کا منفرد ریکارڈ
بحرین کے فاسٹ بولر رضوان بٹ نے ملائیشیا میں کھیلی جارہی 4 ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کمال کردیا۔
کاٹھمنڈو: بحرین کے فاسٹ بولر رضوان بٹ نے ملائیشیا میں کھیلی جارہی 4 ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کمال کردیا۔
رضوان نے سنگاپور کے خلاف 16 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں لیکن یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی پانچ وکٹیں 6 گیندوں میں حاصل کیں۔ رضوان اپنی پہلی 14 گیندوں پر کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔
لیکن اس کے بعد انہوں نے آئندہ 6 گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ رضوان نے 18ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر وکٹ حاصل کی۔ اگرچہ وہ ہیٹ ٹرک سے محروم رہے کیونکہ پانچویں گیند پر انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی۔
تاہم رضوان آئندہ 3 گیندوں پر وکٹیں لیکر اپنی ہیٹ ٹرک سے ہمکنار ہوگئے۔ 18ویں اوور کی چھٹی گیند پر رضوان نے وکٹ حاصل کی اور پھر 20 ویں اوور کرنے آئے رضوان نے پہلی دو گیندوں پر وکٹیں لیکر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
رضوان بٹ کی زبردست بولنگ کے باعث سنگاپور کی ٹیم 168 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جس کے بعد بحرین نے ہدف 18ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ملائیشیا میں جاری اس سیریز میں میزبان ملک 6 میچوں میں 5 فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ بحرین نے 5 میں سے 3 میچ جیتے ہیں اور دوسرے نمبر پر ہے۔ سنگاپور کی ٹیم تمام 6 میچ ہارچکی ہے اور آخری پوزیشن پر ہے جبکہ قطر 5 میں سے 2 میچ جیت کر تیسرے نمبر پر ہے۔