برطانیہ‘ ٹیپو سلطان کی تلوار کے بشمول 7 نوادرات بھارت کو واپس کرے گا
امید کی جا رہی ہے کہ اس کے بعد بھارت سے چوری کر کے برطانیہ لے جانے والی مزید نوادرات بھی واپس لائی جا سکیں گی۔جو نمونے بھارت لائے جائیں گے ان میں 14ویں صدی کے پتھر کے مجسمے اور 11ویں صدی کے پتھر کے پینل شامل ہیں۔
لندن: برطانیہ نے بھارت سے چوری ہونے والے 7 مجسمے اور تاریخی اہمیت کے فن پارے واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ یہ مجسمے اور فن پارے گلاسگو کے عجائب گھروں میں رکھے گئے تھے۔
انڈین ہائی کمیشن کی ٹیم کے کیلونگرو آرٹ گیلری اور میوزیم کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کے بعد ان نوادرات کے بھارت آنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
برطانیہ سے بھارت میں نوادرات آنے کا یہ پہلا معاملہ ہوگا۔امید کی جا رہی ہے کہ اس کے بعد بھارت سے چوری کر کے برطانیہ لے جانے والی مزید نوادرات بھی واپس لائی جا سکیں گی۔جو نمونے بھارت لائے جائیں گے ان میں 14ویں صدی کے پتھر کے مجسمے اور 11ویں صدی کے پتھر کے پینل شامل ہیں۔
یہ 19ویں صدی میں مندروں اور مزاروں سے چوری کئے گئے تھے۔ان میں ٹیپو سلطان کی تلوار بھی شامل ہے۔ اسے 1905 میں حیدرآباد کے عجائب گھر سے چوری کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسے برطانوی جنرل آرچیبالڈ ہنٹر کو فروخت کر دیا گیا۔ یہ تمام چیزیں گلاسگو میوزیم کو بطور تحفہ دی گئیں۔
گلاسگو میوزیم نے کہا ہے کہ ’یہ فن پارے اور مجسمے کانپور، کولکتہ، بہار اور حیدرآباد سے لائے گئے۔ ان میں سے بہت سے ایک ہزار سال پرانے مانے جاتے ہیں۔
‘کیلونگرو میں ایک تقریب میں یہ نوادرات بھارت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا گیا۔اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے لندن میں بھارت کے قائم مقام ہائی کمشنر سجیت گھوش نے کہا کہ یہ مجسمے اور نوادرات انڈین تہذیب کا ورثہ ہیں اور یہ اب بھارت بھیجے جائیں گے۔