بین مذہبی جوڑوں کونشانہ بنانے پر گجرات میں تین افراد گرفتار
گجرات کے وڈودرامیں بین مذہبی جوڑے کومبینہ طورپرنشانہ بنانے، ہراساں کرنے اورمختلف مذاہب کے درمیان دشمنی پیداکرنے کیلئے سوشل میڈیا پر ان کے ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر تین افراد کوگرفتارکرلیاگیاہے۔

وڈودرا: گجرات کے وڈودرامیں بین مذہبی جوڑے کومبینہ طورپرنشانہ بنانے، ہراساں کرنے اورمختلف مذاہب کے درمیان دشمنی پیداکرنے کیلئے سوشل میڈیا پر ان کے ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر تین افراد کوگرفتارکرلیاگیاہے۔
ایک پولیس عہدیدارنے آج یہ بات بتائی۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیاجب ایسے ہی ایک جوڑے کا ویڈیوسماجی رابطہ کی ویب سائٹX پروائرل ہوگیا۔ تحقیقات پر پتہ چلاکہ ایک ٹولی ایسے جوڑوں کونشانہ بنارہی ہے اوران کے ویڈیوزایک واٹس ایپ گروپ”آرمی آف مہدی“ پر شئیرکئے جارہے ہیں۔
زون 2کے ڈپٹی کمشنر پولیس ابھئے سونی نے بتایاکہ واٹس ایپ گروپ کے تین اڈمنسٹریٹرس مستقیم شیخ، برہان سید اورساحل شیخ کوگرفتار کرلیاگیا۔ ان پر مذہب،نسل وغیرہ کی بنیادپر مختلف مذاہب کے افراد کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے کا الزام ہے۔
ڈی سی پی نے کہاکہ ان لوگوں نے جومواد شئیرکیا، اس کے نتیجہ میں ماب لنچنگ اورفرقہ وارانہ جھڑپیں ہوسکتی تھیں۔ اس واٹس ایپ گروپ میں مختلف شہروں کے ارکان شامل تھے اوروہ لوگ ایسے بین مذہبی جوڑوں پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
ان کاطریقہ کاریہ تھا کہ وہ تین چار ماہ تک واٹس ایپ گروپ کوایکٹیورکھتے اور پھر ایک نیاگروپ شروع کرنے سے پہلے اسے حذف کردیتے۔ کئی افراد اس گروپ کے ارکان ہیں۔ یہ لوگ لڑکی کے ارکان خاندان کوبلیک میل کرنے کیلئے بھی ویڈیوکااستعمال کرتے۔
گرفتارشدہ ملزمین نے بتایاکہ پہلے وہ لوگ کسی خاتون کوچنتے اورجب وہ کسی دوسرے مذہب کے فرد کے ساتھ دیکھی جاتی تواس کاویڈیو ریکارڈ کرلیتے۔ بعدمیں اسے بلیک میل کرنے کیلئے استعمال کیاجاتا۔
ڈی سی پی نے بتایاکہ ہم نے ان لوگوں کے موبائیل فونس ضبط کرلئے ہیں اورانہیں فارنسک سائنس لیباریٹری بھیجاگیاہے۔ ہم آڈیوز اورویڈیوز برآمد کرنے کی کوشش کریں گے اورگروپ کے تمام ارکان سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ ہراساں ہونے والوں سے کہاگیاہے کہ وہ آگے آئیں اورشکایات درج کرائیں۔