بی جے پی نے حکومتیں گرانے پر 6300 کروڑ خرچ کئے: اروند کجریوال
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ عوام مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں جبکہ بی جے پی کروڑہا روپے دوسری جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو لبھانے اور ان کی حکومتیں گرانے پر خرچ کررہی ہے۔

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اگر دوسری جماعتوں کی حکومتیں گرانے کے لئے 6300 کروڑ روپے کی بھاری رقم خرچ نہ کی ہوتی تو مرکز کو غذائی اشیاء پر جی ایس ٹی لگانا نہ پڑتا۔
کجریوال نے ایک دن قبل بی جے پی کو ریاستی حکومتوں کی سیرئیل کلر قراردیا تھا۔ دہلی اسمبلی میں اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی‘ جی ایس ٹی کے ذریعہ اور پٹرول و ڈیزل کی دام بڑھانے سے حاصل رقم کو ارکان اسمبلی کے ”شکار“ پر خرچ کررہی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ عوام مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں جبکہ بی جے پی کروڑہا روپے دوسری جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو لبھانے اور ان کی حکومتیں گرانے پر خرچ کررہی ہے۔
ہندی میں ٹویٹ میں کجریوال نے کہا کہ دہی‘ چھاچھ اور شہد‘ گیہوں‘ چاول وغیرہ پر جی ایس ٹی لگادیا گیا جس سے مرکزی حکومت کو سالانہ 7500کروڑ روپے کی آمدنی ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی‘ حکومتیں گرانے پر تاحال 6300 کروڑ روپے خرچ کرچکی ہے۔
اگر اس نے حکومتیں نہ گرائی ہوتی تو گیہوں‘ چاول‘ چھاچھ وغیرہ پر جی ایس ٹی لگانا نہ پڑتا۔ ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ کے خلاف سی بی آئی کیس کے بعد سے عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کا جھگڑا تیز ہوگیا ہے۔