حیدرآباد

فرقہ پرستوں کے عزائم کے خلاف قومی لائحہ عمل کی ضرورت: یونائیٹڈ مسلم فورم

یونائیٹڈ مسلم فورم کے اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات میں عامۃ المسلمین ودیگر ابنائے وطن کو باشعور بنانے اور ملک میں دستورو قانون کی عمل آوری کو یقینی بنانے‘ فرقہ پرست طاقتوں کے بڑھتے ہوئے عزائم کے خلاف ایک قومی لائحہ عمل کی ضرورت ظاہر کی۔

حیدرآباد: یونائیٹڈ مسلم فورم کے اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات میں عامۃ المسلمین ودیگر ابنائے وطن کو باشعور بنانے اور ملک میں دستورو قانون کی عمل آوری کو یقینی بنانے‘ فرقہ پرست طاقتوں کے بڑھتے ہوئے عزائم کے خلاف ایک قومی لائحہ عمل کی ضرورت ظاہر کی۔

فورم کا اجلاس صدر فورم حافظ مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم کی صدارت میں جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوا۔

فورم کے دیگر ذمہ داران مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری‘ مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ‘ مولانا شفیق عالم‘ محمد ضیاء الدین نیر‘ سید منیر الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری)‘ مولانا سید مسعود حسین مجتہدی‘ مولانا سید احمد الحسینی‘ سعید قادری‘ مولانا سید تقی رضا عابدی‘

مولانا سید فصل اللہ قادری الملوسوی‘ مولانا ظفر احمد جمیل حسامی‘ مولانا مفتی محمد عظیم الدین جنید انصاری‘ مولانا مفتی سید معراج الدین علی ابرار‘ مولانا میر فراست علی شطاری ایڈوکیٹ‘ ایم اے ماجد‘ مولانا عبدالغفار خان سلامی‘ ڈاکٹر محمد مشتاق علی‘ ڈاکٹر محمد نظام الدین‘ مولانا سید قطب الدین حسینی صابری‘ مولانا مکرم پاشاہ قادری تخت نشین‘ مولانا سید وصی اللہ حسینی نطام پاشاہ‘ ضیاء الدین آرکیٹک شریک اجلاس رہے۔

فورم نے تلنگانہ میں نئی حکومت کے قیام پر اس توقع کا اظہار کیا کہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔

ریاست میں اقلیتوں کو درپیش کئی ایک مسائل ”ائمہ کرام ومؤذنین کے مشاہرہ کی وقت مقررہ پر ادائیگی‘ اقلیتی اداروں کو فعال بنانا وقف املاک واراضیات کا تحفظ‘ سیاسی سطح پر مسلمانوں کو بااختیار بنانا‘ حکومت میں ان کی مؤثر حصہ داری کے لئے فورم چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔

فورم نے ملک میں سماجی ماحول کو مکدر بنانے کے آئے دن ہورہے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ فورم کے اجلاس نے ایک قرارداد کے ذریعہ عالم دین مولانا مفتی سلملان کی فوری رہائی اور ان پر عائد کئے جارہے جھوٹے مقدمات سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔

اجلاس نے ملک میں لوگ سبھا کے آنے والے عام انتخابات اور ریاست آندھراپردیش میں اسمبلی انتخابات کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کرنے اور اضلاع کے دوروں کو منظوری دی ہے۔ اجلاس کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا اور صدر اجلاس کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔

a3w
a3w