علاقائی

’حضرت سیدنا امام حسینؓ انسانیت کیلئے عظیم مثال‘

وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ حضرت حسینؓ کی شہادت عظمی انسانیت کی بقاء کیلئے ہے۔

حیدرآباد: حضرت سید نا امام حسینؓ کی تعلیمات پرعمل کریں گے تو آج دنیا میں کہیں بھی جنگیں نہیں ہونگی بلکہ ساری دنیا میں امن وامان برقراررہے گا۔ حضرت حسینؓ انسانیت کیلئے عظیم مثال ہیں جو قیامت تک برقرار رہیں گے۔ اِن خیالات کا اظہار حضرت علامہ مولانا کلب جواد نے حیدرآباد کے سالارجنگ میوزیم لکچرہال میں منعقدہ ایک روزہ یادحسینؓ کانفرنس اور ہماری ذمہ داریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے بھی پروگرام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت حسینؓ کی شہادت عظمی انسانیت کی بقاء کیلئے ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا امام حسینؓ کی شہادت امرت کی طرح ہمیشہ امر یعنی زندہ رہے گی۔ اُنہوں نے کہاکہ قیامت تک یاد حسینؓ کے پروگرام منعقد ہوتے رہیں گے۔

امریکی ماہر نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین نے شگاگو سے آن لائن خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم وبربریت کے خلاف امام عالی مقام حسین ابن حیدرؓ نے ڈ ٹ کر مقابلہ کرنے کا کربلا سے ہمیں درس دیا ہے۔

مانوکے شعبہ انگریزی کے پروفیسر حسیب الدین قادری نے کربلا کے واقع پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے ایمان افروز خطاب کیا۔ اس کانفرنس کے کنوینرڈاکٹر تبریز حسین نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے کانفرنس کے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

 اِس کانفرنس سے ڈاکٹر سیدعبدالمعز قادری، سکھو ں کے مذہنی رہنما ہرویندرسنگھ، بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا، پردیس کانگریس کے سکریٹری محمد شہاب الدین، سینئر صحافی ڈی نرسہمم، ڈاکٹر مفتیہ حافظ رضوانہ زرین، تلگومقرر محمد عبدالرشید ودیگر نے خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں سید جلال حسینی اشرفی، عبدالسلیم ایڈوکیٹ ودیگر نے شرکت کی۔ سنٹرل وقف کونسل کے رکن حنیف علی نے کانفرنس کی صدارت کی۔

میر مرتضی نعیم، نوازحسین تاج، عدنان سلیم قاسمی،صمدانی حورمیز تاج نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سینئر صحافی سید کاظم محی الدین قادری نے اس کانفرنس کی نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ (منصف نیوز بیورو)