حلف برداری تقریب میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع
کرناٹک اسمبلی الیکشن میں کانگریس کی شاندار جیت کے ٹھیک ایک ہفتہ بعد سدارامیا ہفتہ کے دن چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ ان کے ساتھ ان کے نائب ڈی کے شیوکمار اور دیگر وزرا کی بھی حلف برداری ہوگی۔
بنگلورو: کرناٹک اسمبلی الیکشن میں کانگریس کی شاندار جیت کے ٹھیک ایک ہفتہ بعد سدارامیا ہفتہ کے دن چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ ان کے ساتھ ان کے نائب ڈی کے شیوکمار اور دیگر وزرا کی بھی حلف برداری ہوگی۔
تقریب حلف برداری میں کئی ہم خیال جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ بنگلورو کے کنٹیروا اسٹیڈیم میں دوپہر 12:30 بجے گورنر تھاورچند گہلوت‘ چیف منسٹر اور ان کی کابینہ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔ اسی اسٹیڈیم میں سدارامیا نے 2013 میں حلف لیا تھا۔ وہ اس وقت پہلی مرتبہ چیف منسٹر بنے تھے۔
تقریب ِ حلف برداری 2024 کے لوک سبھا الیشن میں بی جے پی سے ٹکر لینے کی کوششوں کے بیچ اپوزیشن جماعتوں کی طاقت کا مظاہرہ ہوگی۔ 61 سالہ شیوکمار جو سابق میں سدارامیا کے تحت کام کرچکے ہیں‘ آئندہ سال کا پارلیمانی الیکشن مکمل ہونے تک صدر پردیش کانگریس برقرار رہیں گے۔
سدارامیا اور شیوکمار کن ارکان ِ اسمبلی کو کابینہ میں لینا ہے اور قلمدانوں کی تقسیم کیسے ہوگی اس پر پارٹی ہائی کمان سے تبادلہ خیال کے لئے آج نئی دہلی روانہ ہوئے۔ کرناٹک کابینہ میں ارکان کی منظورہ تعداد 34 ہے لیکن دعویدار اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ سونیا گاندھی‘ راہول گاندھی‘ پرینکا گاندھی وڈرا کے علاوہ کانگریسی چیف منسٹرس اور کئی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔
پارٹی نے چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن‘ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی‘ چیف منسٹر بہار نتیش کمار‘ ان کے نائب تیجسوی یادو‘ این سی پی سربراہ شردپوار‘ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اُدھو ٹھاکرے کے علاوہ نیشنل کانفرنس قائد فاروق عبداللہ اور چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین کو بھی مدعو کیا ہے۔ توقع ہے کہ کل حلف برداری کے بعد پہلے کابینی اجلاس میں نئی حکومت 5 ضمانتیں پوری کرنے کے اقدامات کرے گی۔ ک
انگریس نے تمام کنبوں کو 200 یونٹ مفت برقی‘ ہر کنبہ کی خاتون سربراہ کو ماہانہ 2000 ہزار روپے‘ بی پی ایل کنبوں کے ہر فرد کو 10کیلو مفت چاول‘ ہر گریجویٹ نوجوان اور ڈپلوما ہولڈرس کو (18 تا 25 سال) 2 سال تک ماہانہ 3ہزار روپے اور سرکاری بسوں میں عورتوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کی گارنٹی دی تھی۔ اسٹیڈیم کے اطراف سیکوریٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے بموجب 3 پلیٹ فارمس / اسٹیج بنائے گئے ہیں۔ایل ای ڈی اسکرینس بھی لگائی جائیں گی۔ آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس کو توقع ہے کہ تقریبِ حلف برداری میں ایک لاکھ سے زائد کا مجمع ہوگا۔ کنٹیروا اسٹیڈیم میں 25 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
حکام دیگر پلے گراؤنڈس میں بھی لوگوں کو بٹھانے کا انتظام کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ وی وی آئی پیز کی تعداد 11ہوگی۔ خبر ہے کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نہیں آئیں گی۔ وہ اپنی پارٹی کے کسی رکن پارلیمنٹ کو بھیجیں گی۔ کنڑ سوپر اسٹار شیوراج کمار کو بھی مدعو کیا گیا ہے جنہوں نے کانگریس کے لئے مہم چلائی تھی۔
کرناٹک پولیس نے 12 اے سی پی‘ 11 ریزرو پولیس انسپکٹرس‘ 24 اے ایس آئی اور 206 کانسٹیبلس کو سیکوریٹی پر لگایا ہے۔ اسی دوران ایڈیشنل کمشنر ٹریفک ایم اے سلیم نے بنگلورو میں کامن انٹرنس ٹسٹ کے 12 مراکز کے اطراف امتناعی احکامات کا اعلان کیا۔
اس امتحان میں ریاست بھر میں 2 لاکھ طلبا شرکت کریں گے۔ 20 اور 21 مئی کو یہ امتحان ہوگا۔ تقریب حلف برداری کے مدنظر طلبا سے کہاگیا کہ وہ جلد سے جلد امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔