سوشیل میڈیامذہب

سوتے وقت روشنی رکھیں یا بند کردیں ؟

اصل میں اس کا مدار انسان کے اپنے مزاج پر ہے ، بعض لوگوں کو روشنی میں نیند نہیں آتی ، اور بعض حضرات کی نیند روشنی سے بے نیاز ہوتی ہے۔ ،

سوال:- رات کے وقت کمرہ کی لائٹ بند کر کے سونا بہتر ہے، یا روشن رکھتے ہوئے سونا؟ براہِ کرم احادیث کی روشنی میں جواب دیں؟ (عبدالغفار، حمایت نگر)

جواب:- اصل میں اس کا مدار انسان کے اپنے مزاج پر ہے ، بعض لوگوں کو روشنی میں نیند نہیں آتی ، اور بعض حضرات کی نیند روشنی سے بے نیاز ہوتی ہے ، بعض دفعہ آدمی ایسی جگہ میں ہوتا ہے ،جہاں حفاظت کے نقطۂ نظر سے روشنی جلا کر رکھنا بہتر ہوتا ہے ؛

اس لیے تمام افراد کے بارے میں کوئی ایک ہی حکم مقرر نہیں کیا جاسکتا ، البتہ انسان کی عام فطرت اوراحادیث کے مجموعی مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ روشنی بجھا کر سونا چاہیے ؛

کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چراغ بجھا کر سونے کا حکم دیا ہے ، ’’و أطفئوا مصابیحکم‘‘ اس روایت کوامام ابوداؤد اور نسائی نے حضرت جابر ؓسے نقل کیا ہے ،اور علامہ سیوطی نے اسے حدیث معتبر قرار دیا ہے ، (الجامع الصغیر، حدیث نمبر: ۸۰۵) –

دوسرے سوتے وقت بعض دفعہ کپڑے برابر نہیں ہوتے ، تاریکی بھی انسان کے لیے پردہ کا کام کرتی ہے ، اگر روشنی جلتی ہے تو بے ستری کا اندیشہ ہوتا ہے ، اس لیے اگر کوئی عذر نہ ہو تو روشنی بند کرکے سونا بہتر معلوم ہوتا ہے ۔ واللہ اعلم ۔
٭٭٭