آندھراپردیش

حکومت نے 95 فیصد انتخابی وعدوں کی تکمیل کردی۔ جگن کا دعویٰ

چیف منسٹر جگن نے پارٹی کی دو روزہ پلینری سے جس کا آج سے آچاریہ ناگر جنا یونیورسٹی میں آغاز ہوا ہے، خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے 95 فیصد انتخابی وعدے پورے کردئیے ہیں۔

گنٹور: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جمعہ کے روز کہا کہ ان کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومت، اپنے الفاظ اور وعدوں پر قائم ہے اور گذشتہ3 برسوں کے دوران ان کی حکومت نے بیشتر انتخابی وعدوں کی تکمیل کردی ہے جو2019 کے اسمبلی الیکشن میں عوام سے کئے گئے تھے۔

چیف منسٹر جگن نے پارٹی کی دو روزہ پلینری سے جس کا آج سے آچاریہ ناگر جنا یونیورسٹی میں آغاز ہوا ہے، خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے 95 فیصد انتخابی وعدے پورے کردئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے برخلاف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین پارٹی کے انتخابی منشور کو اپنے ساتھ رکھتے ہیں جبکہ دیگر جماعتیں، انتخابات کے بعد انتخابی منشور کو برفدان کی نذر کرتی ہیں۔ مگر ہمارا معاملہ مکمل الٹا ہے۔

وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے پاس ا نتخابی منشور کو مذہبی کتب کی طرح اہمیت حاصل ہے۔ تلگودیشم پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے۔ ٹی ڈی پی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔

وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور کے بعد ٹی ڈی پی نے اپنے منشور کو مختلف عوامی پلاٹ فارمس سے ہٹا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے گھمنڈی نہیں بننا چاہئے بلکہ اقتدار کے ذریعہ عوام کی خدمت کے جذبہ کی ذمہ داری کو پوری کرنا چاہئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نے سیاست میں تبدیلیاں لائی ہیں اور کسی سے امتیازی یا کرپشن کے بغیر ہر ایک کو شفافیت کے ساتھ بہتر حکمرانی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے 13سالہ سفر کے دوران کئی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور مشکلات پیدا کی گئیں۔

انہوں نے پارٹی کیڈر اور عوام کو سلام کیا جنہوں نے ان کے سفر میں ان کا ساتھ دیا۔ اپنے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی73 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پارٹی کا پلینری منعقد کیا جارہا ہے۔