حیدرآبادسوشیل میڈیا

حیدرآباد کے چندمقامات پر طوفانی بارش اور ژالہ باری (ویڈیوز)

شہرحیدرآبادکے کچھ مقامات میں آج شام تیزہوااوربارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے عوام کوشدید گرمی سے کسی قدر راحت ملی۔پرانے شہر کے چند علاقوں اور شہر کے چندوسطی مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔

حیدرآباد: شہرحیدرآبادکے کچھ مقامات میں آج شام تیزہوااوربارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے عوام کوشدید گرمی سے کسی قدر راحت ملی۔پرانے شہر کے چند علاقوں اور شہر کے چندوسطی مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔

پرانے شہر میں تاریخی چارمینارکے اطراف واکناف میں اس وقت اچانک بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جبکہ یہاں رمضان کی عید کی شاپنگ عروج پر ہے۔ بارش کے ساتھ ژالہ باری سے شہریان کوگرمی سے تھوڑی راحت ملی۔ژالہ باری سے دوسے زائد مقامات کی سڑکوں پر اولوں کی سفید چادردیکھی گئی۔

نامپلی‘ہائی کورٹ‘گوشہ محل‘بیگم بازاراور بہادر پور کے علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی۔ ان مقامات پر عوام بالخصوص بچوں کو برف کے ان تکڑوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھاگیا۔

چند علاقوں جیسے چنچل گوڑہ‘سعیدآباد‘چمپاپیٹ‘ کوٹھی‘عابڈس‘نارائن گوڑہ‘حمایت نگر‘ لبرٹی‘ بشیر باغ اور حیدرگوڑہ میں ہواکے تیزجھکڑکے ساتھ بارش ہوئی۔ چندعلاقوں کی سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے ٹرافک میں خلل پڑا۔

غیر متوقع بارش سے دفاتر اورکام کے مقامات سے گھروں کوواپس ہونے والے افراد کو سخت مشکلات کاسامناکرناپڑا۔جاریہ موسم گرما میں ریاست کے چندمقامات پر تیسری بار ژالہ باری ہوئی ہے۔

نمائندہ منصف کے مطابق تیز ہوائیں چلنے سے چندمقامات پر درخت گرپڑے جس سے برقی سربراہی اور ٹرافک میں خلل پڑا۔ہائی کورٹ روڈ پر بھی درخت گرپڑے‘ٹرافک پولیس عملہ کودرختوں کے ملبہ صاف کرتے ہوئے دیکھاگیا۔