جموں و کشمیر

دہلی میں نئی حکومت آتی ہے تو ووٹنگ مشینوں کو دریا میں پھینک دیاجائے گا:فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہا کہ اگر بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں ہار جاتی ہے تو نئی حکومت انتخابات میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کو ترک کردے گی۔

گاندر بل (جموں و کشمیر): نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہا کہ اگر بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں ہار جاتی ہے تو نئی حکومت انتخابات میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کو ترک کردے گی۔

فاروق عبداللہ نے کہاکہ الکٹرانک ووٹنگ مشینیں دنیا بھر میں کہیں بھی استعمال نہیں کی جارہی ہیں لیکن انہیں یہاں ہم پر مسلط کیاگیاہے۔سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر نے کہاکہ اگر دہلی میں ہماری حکومت بنتی ہے تو ان مشینوں کو دریا میں پھینک دیاجائے گا۔

وسطی کشمیر کے اس ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ مشین سرقہ کی مشین ہے۔ آپ جب ووٹ دیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ووٹ دیتے وقت آواز اور روشنی آئے۔ اگر آپ کو روشنی دکھائی نہ دے تو وہاں موجود عہدیداروں سے پوچھیں۔ خوفزدہ نہ ہوں۔

وی وی پیاٹ کو بھی چیک کریں اور دیکھیں کے آپ کا ووٹ نیشنل کانفرنس کی علامت پر گیا ہے کہ نہیں۔ بی جے پی پر اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے نیشنل قائد کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی پر ملک میں نفرت پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہاکہ ان مسائل کو بھول چکے ہیں جن کی وجہ سے 2014 میں وہ اس جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوئے تھے۔ وہ اب مہنگائی وغیرہ کے بارے میں بات نہیں کرتے۔