راجستھان رائلز کے مالک نے مجھے تھپڑ مارے: ٹیلر
نیوزی لینڈ کے سابق بلے باز راس ٹیلر نے حال ہی میں اپنی سوانح عمری میں ایک سنسنی خیز انکشاف سے ہندوستانی کرکٹ کو ہلاکر رکھ دیا۔
آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے سابق بلے باز راس ٹیلر نے حال ہی میں اپنی سوانح عمری میں ایک سنسنی خیز انکشاف سے ہندوستانی کرکٹ کو ہلاکر رکھ دیا۔
اس ہفتے کے شروع میں ریلیز ہونے والی ’بلیک اینڈ وائٹ‘ نامی کتاب میں ٹیلر نے آئی پی ایل میں ان کے ساتھ پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعہ کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے اپنی کتاب میں لکھاہے کہ انہیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز راجستھان رائلز (آر آر) کے مالکان میں سے ایک نے منہ پر تھپڑ مارا تھا۔ کیونکہ وہ پنجاب کنگز کے خلاف میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
اگرچہ اس نے یہ بھی بتایاکہ تھپڑ زور سے نہیں مارا گیا تھا، لیکن اسے یہ مذاق نہیں لگا۔ ٹیلر کے ان الزامات پر راجستھان رائلز فرنچائز نے اب تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تاہم اس معاملے پر بی سی سی آئی کی جانب سے ردعمل سامنے آیاہے۔
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ وہ اس طرح کے کسی بھی واقعہ سے واقف نہیں ہیں۔ جب InsideSport نے بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار سے رابطہ کیا اور استفسار کیاکہ کیا اس معاملے میں کوئی کارروائی کی جائے گی، تو انہو ں نے کہاکہ میں ابھی سفر کررہا ہوں اس لیے مجھے نہیں معلوم کہ آپ کیا بات کررہے ہیں۔
تاہم، بی سی سی آئی راس ٹیلر کے تھپڑ مارنے کے الزام پر زیادہ دیر تک خاموش نہیں رہ سکتا کیونکہ آئی پی ایل بی سی سی آئی کی بہت بڑی لیگ ہے۔ ایسی صورتحال میں لیگ کے حوالے سے کوئی بھی تنازع اچھا اشارہ نہیں دے گا۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ بی سی سی آئی اس معاملے میں کب اور کیا ایکشن لیتاہے۔
بی سی سی آئی کے علاوہ راجستھان رائلز فرنچائز نے بھی اس معاملہ میں اب تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ فرنچائز کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہاکہ ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ فرنچائز کی خاموشی کے بعد اب سوال یہ ہے کہ ٹیلر کو تھپڑ کس نے مارا؟ یہ تھپڑ ایک پارٹی میں لگا، جو لیگ کے ابتدائی سالوں میں سے ایک تھی۔
اس وقت کے مالکان راج کندرا اور شلپا شیٹی کو 2011 کے ایڈیشن کے دوران ٹیم کے ساتھ دیکھا گیا تھا اور انگلیاں اسی کی طرف اٹھ رہی ہیں۔ راس ٹیلر نے اپنی سوانح عمری میں لکھاکہ 195 کا تعاقب کرتے ہوئے میں صفر پر آؤٹ ہوگیا اور ہم ہدف کے قریب بھی نہ جاسکے۔
اس کے بعد کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف اور ٹیم مینجمنٹ ہوٹل کی ٹاپ فلور پر بار میں موجود تھے۔ وارنی کے ساتھ لز ہرلی بھی تھیں۔ رائلز کے مالکان میں سے ایک نے مجھ سے کہا، راس، ہم نے آپ کو صفر پر آؤٹ ہونے کیلئے ایک ملین ڈالر ادا نہیں کیے اور میرے منہ پر تین یا چار بار تھپڑ مارے۔