مہاراشٹرا

مٹھائیوں کی ٹرے پر ”بیسٹ بِفور“ لکھنا لازمی

مہاراشٹرا میں گنیش اتسو کا آغاز ہوچکا ہے اور تہواروں کے دوران مٹھائیوں کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایسے میں مٹھائیوں کے معیار پر ایف ڈی اے نے دکانداروں کو سخت ہدایات دی ہیں۔

ممبئی: مہاراشٹرا میں گنیش اتسو کا آغاز ہوچکا ہے اور تہواروں کے دوران مٹھائیوں کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایسے میں مٹھائیوں کے معیار پر ایف ڈی اے نے دکانداروں کو سخت ہدایات دی ہیں۔

اتنا ہی نہیں دکانوں میں ٹرے پر سجی مٹھائیوں کے سامنے ”بیسٹ بِفور“ کی تاریخ لکھنا لازمی کیا ہے۔ ایف ڈی اے نے دکانداروں کے ساتھ گاہکوں کو بھی ”بیسٹ بِفور“ کی تاریخ دیکھ کر ہی مٹھائیاں خریدنے کی اپیل کی ہے۔

تہواروں کے موسم میں کھویا، مٹھائی، نمکین کھارے کی طلب زیادہ ہوتی ہے، ایسے میں تہوارو ں میں ملاوٹی اشیاء ملنے کا امکان زیادہ رہتا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے ایف ڈی اے خصوصی مہم کے ساتھ ساتھ تاجرین اور گاہکوں کے لیے رہنما خطوط بھی جاری کیے ہیں۔

اس کے تحت تاجرین کو جہاں لائسنس ہولڈرس سے غذائی سامان خریدنے کی ہدایت دی وہیں مٹھائیوں کی تیاری صاف ستھرے مقامات پر کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس کے علاوہ دکانوں پر فروخت کی جانے والی مٹھائیوں کی ٹرے پر ”بیسٹ بِفور“ تاریخ لکھنے کا لزوم عائد کیا ہے۔

ایف ڈی اے کی اسسٹنٹ کمشنر اشونی رنجانے بتایا کہ تہواروں کو دیکھتے ہوئے ایف ڈی اے نے خصوصی مہم چلائی ہے۔ اس خصوصی مہم کے تحت گنیش اتسو کے دوران ملاوٹی مٹھائیوں کی فروخت پر لگام لگانے کے لیے فوڈ سیکورٹی عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

بے قاعدگی پائے جانے پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ گاہکوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر فروخت ہونے والی مٹھائیوں کی خریداری سے گریز کریں۔ ساتھ ہی مٹھائی کے ٹرے پر لگے ”بیسٹ بِفور“ کی تاریخ ضرور دیکھیں تا کہ یہ یقینی رہے کہ مٹھائی کتنے دنوں تک کھانے لائق ہے۔