شمالی بھارت

راجستھان کے مسلم ارکان اسمبلی کو خاموش کردیاگیا: اسدالدین اویسی

راجستھان اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جو جاریہ سال کے اواخر میں مقرر ہیں‘ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے اتوار کے روز جئے پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔

جئے پور: راجستھان اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جو جاریہ سال کے اواخر میں مقرر ہیں‘ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے اتوار کے روز جئے پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔

اویسی نے دعویٰ کیا کہ راجستھان کے مسلمان دیگر ریاستوں کے مسلمانوں کی بہ نسبت ”کمزور“ ہیں۔ اویسی نے کہاکہ چیف منسٹر اور کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے راجستھان میں 9مسلم ارکان اسمبلی کو خاموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ 9مسلم ارکان اسمبلی قائدین نہیں بلکہ 9 ہیرے ہیں۔

اشوک گہلوت نے ان کے منہ پر تالے ڈال دیئے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم صدر نے الزام عائد کیا کہ مسلم سماج کے ساتھ غیر منصفانہ اور جانبدارانہ سلوک کیا جارہاہے۔ بھرت پور میں ناصر اور جنید کو زندہ جلادیاگیالیکن چیف منسٹر نے اس مقام کا دورہ تک نہیں کیا۔

کنہیا لال کی موت کی مذمت کی جانی چاہئے لیکن ناصر اور جنید کو ہلاک کرنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کیاجارہا ہے۔ کنہیا کی موت پر 50لاکھ روپئے معاوضہ دیاگیا لیکن ناصر اور جنید کی موت پر صرف 15لاکھ روپئے معاوضہ دیاگیا۔ راجستھان میں 9مسلم ارکان اسمبلی ہیں لیکن کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔

راجستھان میں قدیم سیاسی جماعت پر تنقید کرتے ہوئے جو برسر اقتدار ہے‘ اویسی نے کہاکہ کانگریس مسلمانوں کے ساتھ صرف غداری کرسکتی ہے۔ اویسی نے راجستھان میں مسلم اوبی سیز کا سروے کرانے اور مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔

اے آئی ایم آئی ایم صدر نے اتوار کے روز اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی میٹنگ میں جن لوگوں کو مدعو کیاگیاتھا وہ اب بھارتیہ جنتاپارٹی کے ساتھ ہاتھ ملارہے ہیں۔ سینئر این سی پی لیڈر اجیت پوار اور دیگر 8 این سی پی ارکان اسمبلی کی ایکناتھ شنڈے کی زیر قیادت حکومت مہاراشٹرا میں شمولیت کے چند گھنٹوں بعد اویسی نے یہ تبصرہ کیا۔

گزشتہ ماہ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں 17 جماعتوں کے ارکان نے شرکت کی تھی تاکہ لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ اویسی نے کہاکہ ان کی پارٹی کو مدعو نہیں کیاگیاتھا۔ اویسی نے اتوار کے روز کہا کہ اپوزیشن کی میٹنگ پٹنہ میں ہوئی۔

شرد پوار نے جس شخص کو میٹنگ میں بھیجا تھا وہ پرفل پٹیل تھے۔ اب انہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملا لیاہے۔انہوں نے سوال کیا کہ یہ کس قسم کا اپوزیشن اتحاد ہے۔ جسے بھی بلایا جاتاہے کہ وہ آخر کار بی جے پی میں شامل ہوجاتاہے۔ اور وہ لوگ ہم (اے آئی ایم آئی ایم) پر بی ٹیم ہونے کا الزام لگاتے ہیں۔

ہم کو اپوزیشن کی میٹنگ میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے اپوزیشن جماعتو ں پر مزید تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ بہار میں کانگریس‘ آر جے ڈی اور نتیش کمار نے ہمارے چار ارکان اسمبلی کو خرید لیا۔ جب وہ لوگ ایسا کرتے ہیں کہ یہ اچھی بات ہے لیکن دوسرا کوئی کرتاہے کہ تو یہ غلط ہوجاتاہے۔

a3w
a3w