رام لیلا میدان میں 18 دسمبر کو مسلم مہاپنچایت کی اجازت
شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے کا دعویٰ کرنے والی ایک تنظیم مشن سیو کانسٹی ٹیوشن کو رام لیلا میدان میں 18 دسمبر کو آل انڈیا مسلم مہا پنچایت منعقد کرنے کی اجازت بعض شرائط کے تحت دی ہے۔

نئی دہلی: سٹی پولیس نے جمعہ کے دن دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ اس نے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے کا دعویٰ کرنے والی ایک تنظیم مشن سیو کانسٹی ٹیوشن کو رام لیلا میدان میں 18 دسمبر کو آل انڈیا مسلم مہا پنچایت منعقد کرنے کی اجازت بعض شرائط کے تحت دی ہے۔
جسٹس سبرامنیم پرساد نے دہلی پولیس کی اس بات کا نوٹ لینے کے بعد تنظیم کی درخواست کی یکسوئی کردی۔ انہوں نے واضح کردیا کہ کوئی اور محکمہ اس پر کوئی اعتراض نہیں کرے گا۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ درخواست گزار کو 18 دسمبر کو مہاپنچایت کی اجازت مل چکی ہے لہٰذا درخواست کی یکسوئی کردی جاتی ہے۔
مشن سیو کانسٹی ٹیوشن یہ کہتے ہوئے عدالت سے رجوع ہوئی تھی کہ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل ڈسٹرکٹ نے اس کی درخواست زیرالتوا رکھی ہے۔ 4 دسمبر کو چونکہ میدان دستیاب نہیں تھا اس لئے عدالت نے پولیس سے کہا تھا کہ وہ درخواست گزار کو میدان دستیاب ہونے کی تاریخ بتائے۔ تنظیم نے 18 دسمبر کی تاریخ منتخب کی۔
پولیس نے اپنے وکیل ارون پنور کے توسط سے درخواست گزار سے کہا کہ وہ یہ یقینی بنائے کہ حاضرین کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز نہ کرے۔
مقررین کے نام اور ان کی تعداد حکام کو بتائی جائے۔ اس میں نہ تو کوئی تبدیلی ہو اور نہ کوئی کمی بیشی۔ کوئی بھی مقرر ہندوستانی قوانین کے خلاف نہ بولے۔