دہلی

راہول گاندھی کے ویڈیو کی غلط پیشکشی کے خلاف اسپیکر کو مکتوب

لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے بشمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے اُن پر زور دیا کہ وہ اُن کی شکایت کا جائزہ لینے اور ضروری کارروائی کے لئے پارلیمنٹ کی اخلاقی کمیٹی کو روانہ کریں۔

نئی دہلی: راہول گاندھی کے چھیڑ چھاڑ ویڈیو جس سے ملک کے سماجی تانے بانے کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے کو بی جے پی ارکان پارلیمنٹ راجیہ وردھن راتھوڑ سبرت پھاٹک اور بھولا سنگھ کی جانب سے شیئر کئے جانے کے خلاف کانگریس کے 11 ارکان لوک سبھا نے اسپیکر اوم برلا کو مکتوب روانہ کرکے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔

لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے بشمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے اُن پر زور دیا کہ وہ اُن کی شکایت کا جائزہ لینے اور ضروری کارروائی کے لئے پارلیمنٹ کی اخلاقی کمیٹی کو روانہ کریں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ راتھوڑ، پھاٹک اور سنگھ نے راہول گاندھی کا چھیڑ چھاڑ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ویاناڈ آفس میں توڑ پھوڑ کے لئے کیرالا ایس ایف آئی پر دیئے گئے بیان کو غلط طریقہ سے پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اودئے پور میں ٹیلر کنہیا کے قاتلوں کے لئے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مذکورہ ویڈیو ایک ٹی وی چینل میں پیش کیا گیا جسے بعد ازاں معذرت خواہی کے ساتھ ہٹادیا گیا۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے الزام عائد کیا کہ عوام کو گمراہ کرنے شہہ اور اشتعال دینے ویڈیو سے چھیڑ چھاڑ کیا گیا۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ چھاڑ چھیڑ ویڈیو کا مقصد ناظرین کے دماغوں میں خطرناک جھوٹا تعصب پیدا کیا جائے اور اُنہیں (راہول گاندھی) اودئے پور قتل کے تعلق سے بدنام کیا جائے۔

اِس کا مقصد پُرتشدد اور خوفناک جرم کی تائید کرنے کا عوام میں تاثر پیدا کرکے اُن کے خلاف برہمی پیدا کی جائے اور سماجی کشیدگی پیدا کی جائے جب کہ پہلے سے ماحول کشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اُنہیں جسمانی ضرب پہنچانے کے لئے جذبات اُبھارنے کی ناپاک کوشش میں سوشیل میڈیا پر اُس کی خوب تشہیر کی گئی۔

مکتوب میں مزید کہا گیا کہ اِس انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل کی مذمت کی جائے۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر سے کہا کہ اِس غرض سے وہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں جو اُن کی شکایت کا جائزہ لے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔