ریشبھ پنت کی آئندہ آئی پی ایل میں بھی واپسی مشکل: ایشانت
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے حال ہی میں زخمی کھلاڑیوں کی میڈیکل رپورٹس جاری کی ہیں۔ بورڈ نے مطلع کیا تھاکہ گزشتہ سال کے آخر میں کار حادثے میں زخمی ہونے والے رشبھ پنت نے دوبارہ بیٹنگ پریکٹس شروع کردی ہے۔
ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے حال ہی میں زخمی کھلاڑیوں کی میڈیکل رپورٹس جاری کی ہیں۔ بورڈ نے مطلع کیا تھاکہ گزشتہ سال کے آخر میں کار حادثے میں زخمی ہونے والے رشبھ پنت نے دوبارہ بیٹنگ پریکٹس شروع کردی ہے۔
اس خبر سے شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑگئی۔ انہیں لگتاہے کہ پنت آئندہ ونڈے ورلڈکپ میں شامل ہوسکتے ہیں، لیکن ہندوستان اور دہلی کیاپٹلس کے تجربہ کار تیز گیند باز ایشانت شرما ان کی واپسی کے بارے میں زیادہ پرامید نہیں ہیں۔
ایشانت کو امید نہیں ہے کہ پنت پوری طرح فٹ ہوں گے اور نہ صرف ورلڈکپ بلکہ آئندہ سال آئی پی ایل کیلئے بھی دستیاب ہوں گے۔ 30 دسمبر 2022 کو پنت کی کار دہلی۔ دہرا دون ہائی وے پر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ اس کے جسم پر زخموں کے نشان تھے۔
حال ہی میں بلے بازی اور وکٹ کیپنگ دوبارہ شروع کرنے کے بعد پنت کی واپسی کی تاریخ ابھی بہت دور دکھائی دیتی ہے۔ ایشانت نے ہندوستان اور ویسٹ کے درمیان دوسرے ٹسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ مجھے لگتاہے کہ ہم شاید آئندہ آئی پی ایل میں بھی رشبھ پنت کو نہ دیکھیں کیونکہ یہ معمولی چوٹ نہیں ہے، یہ ایک بہت سنگین حادثہ تھا۔ اس نے ابھی بلے بازی اور وکٹ کیپنگ شروع کی ہے۔
رننگ اور ٹرننگ سمیت بہت سی چیزیں ہیں جو وکٹ کیپر اور بلے باز کیلئے آسان نہیں ہیں۔ ایشانت نے کہاکہ اچھی بات یہ ہے کہ ان کی دوسری سرجری نہیں ہوئی ہے۔ اگر ان کی دوسری سرجری ہوتی تو وہ طویل عرصے تک باہر رہتے۔ ان کی اب ایک سرجری ہوئی ہے لیکن مجھے نہیں لگتاکہ وہ یقینی طورپر ورلڈکپ کیلئے فٹ ہوں گے۔
امید ہے کہ اگر وہ آئی پی ایل کیلئے فٹ ہوگئے تو یہ بہت اچھا ہوگا۔ ڈیوڈ وارنر نے ریشبھ پنت کی غیر موجودگی میں آئی پی ایل 2023 کے سیزن میں دہلی کیپٹلس ٹیم کی قیادت کی تھی۔ فرنچائز کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں نویں نمبر پر رہی۔
وکٹ کیپر بلے باز کے بغیر ایک اور سیزن فرنچائز کیلئے مزید پریشانی کا باعث بن سکتاہے۔ رشبھ پنت کے بارے میں بی سی سی آئی نے بتایا تھاکہ ری ہیب میں ان کی صحت میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔
پنت نے نیٹ میں بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ بھی شروع کردی ہے۔ وہ فی الحال ان کیلئے بنائے گئے فٹنس شیڈول کی پیروی کر رہے ہیں جس میں طاقت، لچک اور دوڑ شامل ہے۔