سکم میں شدید برفباری کے بعد پھنسے ہوئے 400 سیاحوں کو بچا لیا گیا
سکم میں شدید برفباری کے بعد پھنس جانے والے تقریباً 400 سیاحوں کو فوجی جوانوں نے بچا لیا اور انھیں ہنگامی امداد فراہم کی۔
گینگٹوک: سکم میں شدید برفباری کے بعد پھنس جانے والے تقریباً 400 سیاحوں کو فوجی جوانوں نے بچا لیا اور انھیں ہنگامی امداد فراہم کی۔
انھیں طبّی دیکھ بھال اور غذا فراہم کی گئی۔ دفاعی عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔ دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل مہندر راوت نے بتایا کہ تقریباً 400 سیاح جن میں 142 خواتین اور 50 بچے بھی شامل ہیں، تقریباً 100 گاڑیوں میں سفر کررہے تھے۔
ہفتہ کی دوپہر ناتھولا اور سومگو (چنگو جھیل) سے گزرنے کے دوران وہ پھنس گئے تھے۔ فوج کے ساتھ پولیس اور سیول انتظامیہ فوری حرکت میں آگئی اور آپریشن ہماچل کے نام سے ایک بچاؤ مہم شروع کی گئی۔
لیفٹیننٹ کرنل راوت نے بتایا کہ ہفتہ کی رات دیر گئے تک راحت اور بچاؤ کارروائی جاری رہی۔ سیاحوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا۔ انھیں شیلٹر، گرم کپڑے، طبّی نگہداشت اور گرم کھانا فراہم کیے گئے۔ فوج نے ان کے قیام کے انتظامات بھی کیے۔