شہریوں کو بانٹنے اقتدار کا بیجا استعمال کرنے والے ملک دشمن: سونیا گاندھی
بی آر امبیڈکر کے یوم ِ پیدائش پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی نے جمعہ کے دن الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت دستوری اداروں کا بے جا استعمال اور ان کی نفی کررہی ہے۔

نئی دہلی: بی آر امبیڈکر کے یوم ِ پیدائش پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی نے جمعہ کے دن الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت دستوری اداروں کا بے جا استعمال اور ان کی نفی کررہی ہے۔
عوام کو دستور کو اس منظم حملہ سے بچانے حرکت میں آنا ہوگا۔ 132 ویں امبیڈکر جینتی پر دی ٹیلی گراف میں آرٹیکل لکھتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ آج اصلی ”ملک دشمن‘ وہ ہیں جو ہندوستان کو مذہب‘ زبان‘ ذات پات اور صنف کی بنیاد پر بانٹنے اور انہیں ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کرنے کے لئے اپنے اقتدار کا بے جا استعمال کررہے ہیں۔
کانگریس کی سابق صدر نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت آزادی‘ مساوات‘ بھائی چارہ اور انصاف کی بنیادیں کمزور کررہی ہے۔
لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے انہیں قانون کے بے جا استعمال کے ذریعہ ہراساں کرتے ہوئے آزادی کو خطرہ میں ڈالا جارہا ہے۔ خوف کا ماحول پیدا کرتے ہوئے اور مذہبی صف بندی کے ذریعہ ہندوستان کو ایک دوسرے کے مدمقابل لاکر دانستہ طورپر بھائی چارہ ختم کیا جارہا ہے۔