حیدرآباد

شہر میں احتجاج، راجہ سنگھ کی تقریر کا نتیجہ: اسد اویسی

اسد الدین اویسی نے جمعرات کے روز کہا کہ زعفرانی جماعت کے قائد کی مبینہ نفرت انگیز تقریر کا راست نتیجہ شہر کے مختلف مقامات پر احتجاج کی شکل میں سامنے آیا ہے۔

حیدرآباد: بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے چیف اسد الدین اویسی نے جمعرات کے روز کہا کہ زعفرانی جماعت کے قائد کی مبینہ نفرت انگیز تقریر کا راست نتیجہ شہر کے مختلف مقامات پر احتجاج کی شکل میں سامنے آیا ہے۔

اویسی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے چہارشنبہ کی شب شاہ علی بنڈہ سے 90 افراد کو گرفتار کیا اور ان کی نمائندگی پر ان افراد کو رہا کردیا گیا۔ شہر کی صورتحال، راجہ سنگھ کی نفرت انگیز تقریر کا راست نتیجہ ہے۔

جتنا جلد ہوسکے اسے جیل روانہ کرنا چاہئے۔اویسی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ امن کو برقرار رکھا جائے اور فرقہ واریت کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ اور پارٹی کے جی ایچ ایم سی کارپوریٹرس، تمام راتوں میں کام کرتے ہوئے صورتحال کو معمول پر لانے کا کام کرتے رہے۔

حیدرآباد کے ایم پی نے کہا کہ ان کی نمائندگی پر ڈی سی پی ساؤتھ زون نے 90 گرفتار احتجاجیوں کو رہا کردیا۔ ان نوجوانوں کا تعلق شاہ علی بنڈہ اور آشا ٹاکیز سے بتایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جہاں تک ان کے علم میں یہ بات آئی ہے اس کے مطابق ایک واقعہ میں پولیس نے طاقت کا استعمال کیا اور مکانات میں زبردستی داخل ہوکر پولیس نے نوجوانوں کو حراست میں لے لیا تاہم ہماری نمائندگی پر ان نوجوانوں کو رہا کردیا گیا ہے۔