مانسون 75 برس میں پہلی بار قبل ازوقت ممبئی پہنچ گیا
مانسون پیر کے دن ممبئی پہنچ گیا۔ موسلادھار بارش کے باعث سنٹرل ریلوے کی ہاربر لائن میں سب اربن ٹرین سروس معطل کرنی پڑی۔ شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کی خبر آئی ہے۔

ممبئی (پی ٹی آئی) مانسون پیر کے دن ممبئی پہنچ گیا۔ موسلادھار بارش کے باعث سنٹرل ریلوے کی ہاربر لائن میں سب اربن ٹرین سروس معطل کرنی پڑی۔ شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کی خبر آئی ہے۔
مغربی مہاراشٹرا اور ساحل ِ کونکن کے بعض حصوں میں بھی بارش ہوئی۔ ضلع رائے گڑھ میں بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ میٹرو لائن 3 پر جسے ایکوا لائن بھی کہا جاتا ہے‘ آچاریہ اترے چوک اور ورلی کے درمیان سروس معطل کرنی پڑی۔
موسلادھار بارش کے باعث انڈرگراؤنڈ اسٹیشن زیرآب آگیا۔ جنوب مغربی مانسون آج ممبئی پر چھاگیا۔ پچھلے 75 برس میں مانسون پہلی مرتبہ قبل ازوقت ممبئی پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کی سائنسداں سشما نائر نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون 1956 میں 29 مئی کو وقت سے پہلے ممبئی پہنچا تھا۔ 1962 اور 1971 میں بھی اس کی آمد اسی تاریخ پر ہوئی تھی۔
ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن نے آچاریہ اترے چوک اسٹیشن میں پانی جمع ہوجانے پر اپنی سروس معطل کردی۔ اس زیرزمین اسٹیشن میں پانی جمع ہوجانے پر تعمیرکے معیار کے تعلق سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ 33 کیلو میٹر طویل قلابہ۔ بی کے سی۔ آراے جے وی ایل آر انڈر گراؤنڈ میٹرو کوریڈار کے اس اسٹیشن میں مانسون کی تیاری بھی بے نقاب ہوگئی۔
احتیاطی اقدام کے طورپر ورلی اور آچاریہ اترے چوک کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی تاہم آر اے جے وی ایل آر تا ورلی سروس متاثر نہیں ہوئی۔ وائرل ویڈیوز میں اسٹیشن کے اندر پانی جمع دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک ویڈیو میں اسکیلیٹر سے پانی پجرتا اور اسٹیشن کے اندر کی آرائشی چھت (فالس سیلنگ) کو گرتا دیکھا جاسکتا ہے۔ میٹرو لائن 3 ممبئی کی پوری طرح زیرزمین میٹرو لائن ہے اور اس پر مرحلہ وار کام چل رہا ہے۔
بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے کہا کہ سب سے زیادہ بارش نریمن پوائنٹ فائر اسٹیشن (104 ملی میٹر) میں درج ہوئی۔ اس کے بعد اے وارڈ آفس (86 ملی میٹر)‘ قلابہ پمپنگ اسٹیشن (83 ملی میٹر) اور میونسپل ہیڈ آفس (80 ملی میٹر) کا نمبر ہے۔
بارش صبح 9 اور 10 بجے کے درمیان ہوئی۔سنٹرل ریلوے کے مسجد بندر‘ بائیکلہ‘ دادر‘ ماٹنگہ اور بدلاپور ریلوے اسٹیشنس میں پٹریاں زیرآب آگئیں۔ صبح کے مصروف اوقات میں مسافرین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ویسٹرن ریلوے کا کہنا ہے کہ اس کی پٹریوں پر پانی جمع نہیں ہوا تاہم کاندیولی اسٹیشن پر مسافرین نے یہ اعلان سنا کہ گاڑیاں فنی وجوہات پر 15 تا 20 منٹ تاخیر سے چل رہی ہیں۔
چرچ گیٹ اور مرین لائن اسٹیشن کے درمیان برقی تاروں پر ایک درخت کی شاخ گرپڑی۔ نشیبی علاقوں بشمول کنگس سرکل‘ منترالیہ‘ دادر ٹی ٹی ایسٹ‘ پریل ٹی ٹی‘ کالا چوکی‘ وڈالہ‘ ہندماتا‘ کیمپس کارنر‘ چرچ گیٹ‘ چنچپوکلی اور دادر میں گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی کیونکہ سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا تھا۔ پریل میں بلدیہ کے کے ای ایم ہاسپٹل کے پاس کافی پانی جمع ہوگیا تھا۔ بسٹ کے ترجمان نے بتایا کہ 4 مقامات پر پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے 12 روٹس پر بسوں کا رخ موڑنا پڑا۔
Photo Source: @dwnews