حیدرآباد

شہر میں دو فلائی اوورس کے کام سست روی سے جاری۔ مرکز پر کے ٹی آر کی تنقید

حیدرآباد: کارگزار صدربی آر ایس کے ٹی راما راو نے ایک بار پھر مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک شخص نے اپل کے فلائی اوور کے کاموں کے بارے میں ٹوئٹ کیا اور کے ٹی آر کو ٹیگ کیا۔

انہوں نے ٹویٹر پر بھی اس کا جواب دیا کہ سڑکوں کی ترقی کے معاملے میں کے سی آر حکومت اور مودی حکومت میں کافی فرق ہے۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئٹ میں تلنگانہ میں مرکز کے تحت سڑکوں کی ترقی کا تذکرہ کیا۔

بدقسمتی سے نیشنل ہائی ویز کے تحت اپل اور عنبرپیٹ فلائی اوور کے کام جاری ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان دو فلائی اوورز کے لیے جی ایچ ایم سی اراضی مختص کیے جانے کے باوجود کام انتہائی سست رفتاری سے انجام دئیے جا رہے ہیں جبکہ ریاستی حکومت کی سرپرستی میں، جی ایچ ایم سی کے ذریعہ ایس آر ڈی پی کے تحت 35 پراجکٹوں کو شروع کیا گیااور انہیں مقرہ وقت میں مکمل کر لیا گیا۔

انہوں نے تنقید کی کہ مرکز کی طرف سے شروع کئے گئے دو کام مکمل نہیں ہو رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر حکومت اور مودی حکومت میں یہی بڑا فرق ہے۔

ایک شہری نے ٹوئٹ کیا تھا اپل فلائی اوور کب مکمل ہو گا جناب!کام بہت سست رفتاری سے جاری ہے۔ شہری نے کے ٹی آر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ناراپلی سے شہر آنے والے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔