ضلع ورنگل میں شرمیلا گرفتار
وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدروائی ایس شرمیلاکے قافلہ پرٹی آرایس کے حامیوں کے مبینہ حملہ اورپولیس کی جانب سے شرمیلا کی گرفتاری کے بعد ضلع ورنگل میں جاری ان کی پدیاترا کے دوران کشیدگی پھیل گئی۔

حیدرآباد: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدروائی ایس شرمیلاکے قافلہ پرٹی آرایس کے حامیوں کے مبینہ حملہ اورپولیس کی جانب سے شرمیلا کی گرفتاری کے بعد ضلع ورنگل میں جاری ان کی پدیاترا کے دوران کشیدگی پھیل گئی۔
پولیس نے چناراؤ پیٹ منڈل میں شرمیلا کی جاری پدیاترا کوروک دیا اور شرمیلا اوران کے ساتھ موجود پارٹی قائدین کوگرفتار کرلیا۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کیڈرنے پولیس اور ٹی آرایس حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے گرفتاری پرشدید مزاحمت کی۔
اس دوران پولیس نے صورتحال پرقابوپانے کے لئے ہلکی طاقت کااستعمال کیا۔ ٹی آرایس ایم ایل اے‘پی سدرشن ریڈی کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کے بعد پولیس نے شرمیلا کوگرفتارکرلیا۔ شرمیلا نے پولیس سے سوال کیا کہ ان کی بس پرحملہ میں ملوث افراد گرفتار کرنے کے بجائے انہیں کیوں حراست میں لیاجارہا ہے۔
یواین آئی کے بموجب وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی صدروائی ایس شرمیلا کی شخصی کاروان(بس) کوضلع ورنگل میں حکمراں جماعت ٹی آرایس کے کارکنوں نے مبینہ طورپرآگ لگادی۔ جاری پر جاپرستھانم پدیاترا کے دوران وائی ایس شرمیلا آرام کرنے کے لئے کاروان کا استعمال کرتی تھیں۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔
ہجوم نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے قائدین کے کاروں کے شیشوں کوبھی نقصان پہونچایا۔ ضلع ورنگل کے چناراؤپیٹ منڈل کے موضع لنگاگیری میں یہ واقعہ آج پیش آیا۔ شرمیلا‘ 223 ویں روز بھی پدیاترا کررہی تھیں۔ یاترا کے 223 ویں روز افراد کا ایک گروپ جو موافق ٹی آرایس نعرے لگارہاتھا‘ اس مقام پہونچا جہاں شرمیلا کے شخصی کاروان کوپارک کیاگیا تھا اور اس گروپ نے اس کاررواں کو نذر آتش کردیا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے اس واقعہ کو انتہائی شرمناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم گزشتہ 223دنوں سے ریاست بھر میں پرامن یاترا کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں تلنگانہ عوام کی خستہ حالی کواجاگر کررہے ہیں۔
ہماری اس یاتراکی کامیابی پر چیف منسٹر کے سی آر چراغ پاہوگئے اور کے سی آر کی پارٹی کے افراد کسی بھی صورت میں یاترا روکنا چاہتے ہیں۔ یہ انتہائی بدبختی کی بات ہے کہ چند پولیس ملازمین حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں اوریہ ملازمین ہمیں عوام تک پہونچنے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
ڈاٹا کے مطابق پرجاپرستھانم یاترا نے اب تک 3500 کیلومیٹر کی مسافت مکمل کرلی ہے۔شرمیلا نے یاترا کے دوران اب تک 75 اسمبلی حلقہ جات‘ 1863 مواضعات‘208 منڈل‘6بلدیات اور 4 میونسپل کارپوریشنوں کا احاطہ کیا ہے۔