”طوفان منڈوس“ کے پیش نظر کلکٹرس چوکس رہیں: جگن
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جمعرات کے روز مختلف اضلاع کے کلکٹروں کو خلیج بنگال سے اٹھنے والے طوفان ”منڈوس“ کے پیش نظر چو کسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
امراوتی: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جمعرات کے روز مختلف اضلاع کے کلکٹروں کو خلیج بنگال سے اٹھنے والے طوفان ”منڈوس“ کے پیش نظر چو کسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
چیف منسٹر نے یہاں ایک اجلاس کے دوران طوفان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ طوفان کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور وقتاً فوقتاً طوفان کے اثرات کا جائزہ لیتے رہیں۔
عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ طوفان کے زیر اثر نیلور، تروپتی، چتور اور دیگر اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔ جگن موہن ریڈی نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر سے متعلق کسانوں میں شعور بیدار کریں اور ان کی مدد کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ”منڈوس الئے“8:30 بجے صبح کرائیکل سے 300 کیلو میٹر دور مشرق۔ جنوب مشرق اور چینائی سے جنوب مشرق سے 550 کیلو میٹر دور مرکوز تھا۔ یہ طوفان، مغرب۔ شمال مغرب کی سمت پیش رفت کررہا ہے اور طوفان منڈوس شمالی ٹاملناڈو، پڈوچیری اور اس سے متصل جنوبی ساحلی اے پی کے درمیان پڈو چیری اور سری ہری کوٹہ میں 9 دسمبر کی شب پہنچے گا۔
اس وقت65 سے75 کیلو میٹر یا85 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس طوفان کے زیر اثر آئندہ3دنوں کے دوران پرکاشم، نیلور، اور تروپتی کے علاوہ رائلسیما کے چتور، انا میا اور کڑپہ اضلاع میں کہیں کہیں شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔
آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ عام الرٹ پروٹوکول کے ذریعہ تقریباً ایک ملین صارفین کو الرٹ کا پیام جاری کیا جاچکا ہے۔ حکام کو طوفان کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور اس پر نگرانی رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بچاؤ وراحت کاری کیلئے این ڈی آر ایف کی 5 اور ایس ڈی آر ایف کی 4ٹیموں کو تیار حالت میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔