حیدرآباد

نیتی آیوگ بی جے پی کے ہاتھوں کٹھ پتلی: ہریش راؤ

ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ نیتی آیوگ بی جے پی کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن گیا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ نیتی آیوگ بی جے پی کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن گیا ہے۔

آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک خود مختار ادارے کا حکمراں جماعت کے ہاتھوں کھلونا بن جانا شرم ناک بات ہے۔

بی جے پی کی ایماء پر نیتی آیوگ کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے نیتی آیوگ کی کارکردگی پر سوال اٹھانے کے بعد اپنی کارکردگی اور موثر ہونے کے متعلق جائزہ لیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے نیتی آیوگ کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے آج کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ آج نیتی آیوگ کی جانب سے ایک نوٹ جاری کیا گیا۔ ہریش راؤ نے نیتی آیوگ کی جانب سے جاری کردہ نوٹ پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ نے چیف منسٹر کے سوالات کا جواب دینے کے بجائے جھوٹے اعلانات جاری کئے۔ حقائق سے پردہ پوشی کرتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

ہریش راؤ نے کہا کہ ہمارا الزام تھا کہ نیتی آیوگ کی جانب سے سفارش کردہ فنڈس کو مرکزی حکومت نے تلنگانہ کیلئے جاری نہیں کیا۔ اب نیتی آیوگ بتا رہا ہے کہ مرکزی حکومت نے فنڈس جاری کئے مگر ریاستی حکومت ان فنڈس کو استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے، جو سفید جھوٹ کے سواء کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے24,000کروڑ روپے فنڈس جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اس کے بدلہ میں ایک نیا پیسہ بھی جاری نہیں کیا گیا پھر اس ادارے کی کیا اہمیت باقی رہ گئی ہے؟ کئی بار ہمارے حصہ کے فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا گیا مگر ہماری اپیل بھینس کے آگے بین بجانا ہی ثابت ہوئی۔