آندھراپردیش

عادل آباد جانے والی کرشنا ٹرین میں بم کی جھوٹی اطلاع

اطلاع کے بعد ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس پولیس نے چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری ٹرین کی تلاشی لی تاہم بعد ازاں یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔

حیدرآباد: آندھراپردیش کے تروپتی سے تلنگانہ کے ضلع عادل آباد جانے والی کرشنا ایکسپریس ٹرین میں بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس پولیس نے چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری ٹرین کی تلاشی لی تاہم بعد ازاں یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے سنٹرل ریلوے کنٹرول روم کو فون کرتے ہوئے ٹرین میں بم ہونے کی اطلاع دی جس کے ساتھ ہی کرشنا ایکسپریس ٹرین کو مولاعلی ریلوے اسٹیشن پر روک دیاگیا اور گورنمنٹ ریلوے پولیس کے ساتھ ساتھ ریلوے پروٹیکشن فورس پولیس نے ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ مکمل ٹرین کی تلاشی لی جس میں بم نہ ملنے پر ریلوے حکام کے ساتھ مسافرین نے راحت کی سانس لی۔

بعدازا ں اس ٹرین کواس کی منزل کی طرف روانہ کردیاگیا۔

پولیس نے بتایا کہ کال کرنے والے کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔ اس نے سب انسپکٹر کے عہدے کے لیے تیاری کی تھی تاہم سر پر چوٹ لگنے سے اس کی ذہنی حالت خراب ہوگئی۔رچہ کنڈہ پولیس کنٹرول روم کو اس نے فون کال کیا تھا۔