مشرق وسطیٰ

بغداد میں گرین زون میں گھسنے سینکڑوں احتجاجیوں کی کوشش

سیکوریٹی فورسس نے احتجاجیوں کو پیچھے ڈھکیل دیا۔ گرین زون کی سمت بنے جمہوریہ پل کو بند کردیا گیا تاکہ احتجاجی ڈنمارک کے سفارت خانہ کی طرف نہ جاسکیں۔

بغداد: سینکڑوں احتجاجیوں نے ہفتہ کی صبح بغداد کے کڑے پہرہ والے گرین زون پر ہلہ بول دینے کی کوشش کی۔ گرین زون میں مختلف ممالک کے سفارت خانے واقع ہیں اور عراق کی حکومت یہیں سے چلتی ہے۔

متعلقہ خبریں
اسرائیل میں عدالتی اصلاحات کے خلاف مظاہرے جاری
کشمیر میں دہشت گردوں کو کچل دینے سیکوریٹی فورسس کو مکمل آزادی: منوج سنہا
جیش محمد کا ماڈیول بے نقاب، 6 افراد گرفتار

 کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانہ کے سامنے قرآن ِ مجید کو نذرآتش کرنے کی خبر پر یہ لوگ برہم ہیں۔ سیکوریٹی فورسس نے احتجاجیوں کو پیچھے ڈھکیل دیا۔ گرین زون کی سمت بنے جمہوریہ پل کو بند کردیا گیا تاکہ احتجاجی ڈنمارک کے سفارت خانہ کی طرف نہ جاسکیں۔

 2 دن قبل احتجاجیوں نے بغداد میں سویڈن کے سفارت خانہ پر حملہ کردیا تھا۔ سفارت خانہ کئی گھنٹوں تک ان کے کنٹرول میں رہا۔ احتجاجی پرچم لہرارہے تھے۔ ان کے پاس عراق کے بااثر شیعہ سیاسی رہنما مقتداالصدر کی تصاویر موجود تھیں۔

 انہوں نے سفارت خانہ کے ایک حصہ کو آگ لگادی۔ ایک دن قبل سفارت خانہ کے عملہ کا تخلیہ کرالیا گیا تھا۔ چند گھنٹے بعد عراقی وزیراعظم نے قرآن ِ مجید کی بے حرمتی پر بطور احتجاج سویڈن سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلئے۔

 کل بعد نماز ِ جمعہ عراق اور کئی مسلم اکثریتی ممالک میں ہزاروں احتجاجیوں نے پرامن احتجاج کیا تھا۔ ڈنمارک میڈیا کے بموجب جمعہ کے دن بھی کٹر قوم پرست گروپ Danske Patrioter کے ارکان نے کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانہ کے سامنے قرآن ِ مجید اور عراقی پرچم کو نذرآتش کیا۔

انہوں نے فیس بک پر اسے لائیو اسٹریم کیا یعنی راست دکھایا۔ اس پر رات میں بغداد میں احتجاج پھوٹ پڑا۔ مقتداالصدر کی تائید میں نعرے لگاتے اور ان کی تحریک کا پرچم اور عراقی پرچم لہراتے سینکڑوں احتجاجیوں نے گرین زون میں گھسنے کی کوشش کی۔

 سیکوریٹی فورسس کے ساتھ ان کی جھڑپیں ہوئیں۔ سیکوریٹی فورسس نے بعدازاں انہیں منتشر کردیا۔ ہفتہ کے دن ایک بیان میں عراقی وزارت ِ خارجہ نے ڈنمارک میں عراقی سفارت خانہ کے سامنے قرآنِ مقدس اور جمہوریہ عراق کے پرچم کو آگ لگائے جانے کی سخت مذمت کی۔ اس نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کے خلاف فوری اٹھ کھڑی ہو۔

a3w
a3w